Global Editions

الیکسا آپ کی زندگی کی چھوٹی سے چھوٹی تفصیلات بھی ریکارڈ کررہا ہے، اور یہ بہت خوفناک بات ہے

ہمارا سمارٹ سپیکر ہمارے گھر میں ہی رہے گا، لیکن میری گھریلو زندگی پر اس کے اثرات واضح ہوتے جارہے ہيں۔

میرے گھر میں پچھلے ایک سال سے ایکو ڈاٹ کا سمارٹ سپیکر لگا ہوا ہے، جسے میرے گھر والے ایمزان کے ڈیجٹل اسسٹنٹ الیکسا سے موسیقی چلانے کی درخواستیں کرنے کے لیے استعمال کرتے ہيں۔ لیکن حال ہی میں آریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں اسی قسم کے سپیکر کی گھر والوں کی گفتگو ریکارڈ کرکے ان کے کسی کانٹیکٹ کو بھیجنے کے متعلق خبر پڑھنے کے بعد میں سوچنے پر مجبور ہوگئی کہ میرا سپیکر میرے گھر والوں کی کون کونسی باتیں سن رہا ہے؟

میں نے یہ دیکھنے کے لیے کہ الیکسا کیا کیا ریکارڈ کرتا رہا ہے، اپنی الیکسا کی ہسٹری چیک کرنا شروع کی۔ (آپ بھی الیکسا کی سمارٹ فون کی ایپ کی "سیٹنگز" میں جا کر اپنی ہسٹری بھی چیک کرسکتے ہيں)۔

میں نے جو دیکھا، اس سے میرے رونگٹے کھڑے ہوگئے۔

میں نے الیکسا سے جو درخواستیں کی تھیں، اس نے اس کے علاوہ بھی دن میں کئی دفعہ بلاوجہ میری باتیں ریکارڈ کی تھیں۔ اس نے مجھے اپنے والد سے کسی چیز کی شکایت کرتے ہوئے، اپنے بچے کو ڈانٹتے ہوئے، اور اپنے شوہر سے بات کرتے ہوئے سنا تھا۔

الیکسا ہماری روزمرہ کی باتیں سنتا ہے، اور اسی وجہ سے یہ بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ میرا الیکسا استعمال کرنے کا مقصد گانے سننا اور موسم کا حال جاننا ہے۔ میں یہ ہرگز نہيں چاہتی کہ وہ میرے گھر کی باتیں سنے، اور میری بچی کی ٹوٹی پھوٹی بولی سن کر اسے ایمزان کے کلاؤڈ سٹوریج پر ڈال دے۔

ایمزان کی الیکسا ایپ میں آپ انفرادی ریکارڈنگز سن سکتے ہيں اور انہيں حذف کرسکتے ہيں۔ بیک بٹن دبا کر آپ حالیہ ترین ریکارڈنگ بھی سن سکتے ہيں۔

کمپیوٹرز اب ہر جگہ ہی موجود ہیں اور بہت کچھ کرسکتے ہيں، اور مجھے سمجھ میں نہيں آتا کہ مجھے اس پر خوش ہونا چاہئیے یا پریشان۔ پچھلے چند سالوں میں ایمزان، ایپل اور گوگل سب ہی نے ڈیجٹل اسسٹنٹس لانچ کیے ہیں، اور ان کے چند فیچرز دلچسپ بھی ہیں اور باعث پریشانی بھی۔ لیکن مجھے اسی ہفتے احساس ہوا کہ اس سب کا مطلب کیا ہے۔

آپ کی ٹیکنالوجی کیا اور کب ریکارڈ کرتی ہے، آپ اس کو پوری طرح کنٹرول نہيں کرسکتے ہيں۔ آپ کی ڈیوائسز بعض دفعہ آپ کی نجی گفتگو کا مستقل ریکارڈ برقرار رکھ لیتے ہيں، جس پر آپ کا کوئی اختیار نہيں ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ، ممکن ہے کہ آپ کے بچے بھی غلطی سے سمارٹ سپیکر چلا کر اپنی باتیں ریکارڈ کروالیں۔

میں بحیثیت صارف اپنی ذمہ داری پوری طرف قبول کرتی ہيں۔ مجھے اچھی طرح معلوم تھا کہ میں جو مائيکروفون لگا رہی ہوں وہ میری ساری باتیں سن بھی سکتے ہيں اور ان پر عمل بھی کرسکتے ہیں۔ مجھے یہ بھی معلوم تھا کہ ہماری تمام درخواستوں کو ریکارڈ کرکے ایمزان کو بھیجا جارہا تھا، اور میں جب چاہوں یہ ریکارڈنگز پلے کرسکتی ہوں اور ڈیلیٹ کرسکتی ہوں۔

لیکن ان ریکارڈنگز کو چھانٹنا آسان کام نہيں ہے۔ ایپ میں کئی مہینوں پرانی ریکارڈنگز میں سکرال کرنے کے بعد غلطی سے ایک دفعہ بیک بٹن دبانے سے آپ واپس فہرست میں موجود پہلی ریکارڈنگ پر چلے جائيں۔ اس طرح سینکڑوں غیرمطلوبہ ریکارڈنگز مٹاتے مٹاتے بہت وقت لگ جائے گا۔ آپ ایک ساتھ تمام ریکارڈنگز بھی مٹاسکتے ہيں، لیکن اس میں کارآمد ریکارڈنگز بھی مٹ جائيں گی۔ ایمزان کے مطابق، ایسا کرنے سے الیکسا کی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے، لہٰذا میں یہ کام نہيں کرنے والی ہوں۔

میں نے اب تک فیصلہ نہيں کیا ہے کہ مجھے الیکسا کے ساتھ کیا کرنا چاہیے۔ میں پہلے اپنے گھر والوں سے اس کے بارے میں بات کروں گی، لیکن میں ایکو ڈاٹ کا مائیکروفون بند کرنا نہيں بھولوں گی۔

تحریر: ریچل میٹز (Rachel Metz)

Read in English

Authors
Top