Global Editions

یاہو نے وٹس ایپ کی طرز پر موبائل ایپلی کیشن متعارف کروا دی

انٹرنیٹ کمپنی ’’یاہو‘‘ نے وٹس ایپ کی طرز پر ایک ایپلی کیشن یاہو ٹوگیدر (Yahoo Together) متعارف کروا دی ہے جو اینڈرائڈ اور آئی او ایس سسٹم کے حامل موبائل فونز کے لئے دستیاب ہے۔ اس ایپ کے ذریعے ٹیکسٹ‘ وائس چیٹ اور دیگر شیئرنگ سہولیات میسر ہوں گی۔اس کی ایک منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اس میں موضوع کی مناسبت سے بھی چیٹ گروپس شروع کئے جا سکیں گے جیسا کہ یاہو کے ویب سائٹ چیٹ روم میں موجود تھے۔ اس سے صارفین کو اپنے پسند کے موضوعات والے گروپس میں جا کر تبادلہ خیال کرنے میں مدد ملے گی۔ اسی طرح نجی گفتگو کے لئے خفیہ گروپ بھی بنائے جا سکیں گے۔ ایپ کے استعمال کے لئے یاہو اکاؤنٹ ضروری ہے۔اس کا ایک اور دلچسپ فیچر سمارٹ ریمائنڈر ہے جس میں چیٹ کے کسی بھی پیغام پر ریمائنڈر سیٹ کیا جا سکتا ہے جو دیگر شرکاء کو اس پیغام کے بارے میں مخصوص دن اور وقت پر آگاہ کر سکتا ہے۔ اس سے قبل یاہو نے اس سال جولائی میں بیس برس بعد یاہو میسنجر کو بند کر دیا تھا کیونکہ اس کی مقبولیت میں جدید فیچر نہ ہونے کے باعث بہت زیادہ کمی آ چکی تھی۔2009ء میں یاہو میسنجر کے بارہ کروڑ سے زائد صارفین تھے اور یہ آن لائن چیٹ رومز کی وجہ سے مقبول ہوا تھا۔یاہو کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں وہ یاہو ٹوگیدر میں مزید ایسے فیچر متعارف کروائیں گے جو اب تک کسی کمیونیکیشن ایپ میں نہیں ہیں۔

Authors
Top