Global Editions

چینی کورونا وائرس سانپ نہیں بلکہ چمگادڑوں میں پائے جانے والے وائرس سے مشابہت رکھتا ہے

محقیقن کا کہنا ہے کہ چین میں تیزی سے پھیلنے والا کورونا وائرس SARS کی ہی نوعیت کا ہے اور چمگادڑوں میں پائے جانے والی اقسام سے ملتا جلتا ہے۔

انکشاف: زہینگ لی شی (Zheng-Li Shi) کی سربراہی میں ووہان انسٹیٹیوٹ فار وائرولوجی (Wuhan Institute for Virology) کی ایک ٹیم نے پہلی بار ایک پیپر میں اس وائرس کے متعلق تفصیلات فراہم کی ہيں، جس میں خلیوں پر اس کے اثرات کی ایک تصویر بھی موجود ہے۔

یہ نیا وائرس، جسے nCoV-2019 کا نام دیا گيا ہے، 2003ء میں عالمی سطح پر خوف پھیلانے والے وائرس SARS ہی کی نوعیت کا ہے، اور لی کی ٹیم کے مطابق دونوں وائرسز میں انسانی پھیپھڑوں میں داخلے کے لیے ایک ہی قسم کے ریسیپٹرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ وائرس کس طرح پھیل رہا ہے؟ دسمبر میں شروع ہونے والی موجودہ وبا سے اب تک 500 سے زائد افراد متاثر، اور کئی افراد جاں بحق ہوچکے ہيں۔ ممکن ہے کہ اس وائرس نے چین کے شہر ووہان میں ایک جانوروں کی منڈی میں جنم لیا تھا۔ چینی حکام نے وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس شہر میں رہنے والے 1.1 کروڑ افراد کو علیحدہ کردیا ہے۔

وائرسز خاص طور پر اس وقت جانوروں سے انسانوں تک پھیلتے ہيں جب جنگلی جانوروں کو کھانے کے بازاروں میں رکھا جائے، اور کہا جارہا ہے کہ ووہان میں اس وقت یہی صورتحال موجود ہے۔

جینز پر تحقیق: ریسرچرز کو اس وائرس کے جینیاتی سیکوئینس کا جینز کے بڑے ڈیٹا بیسرز میں موجود جینیاتی ڈیٹا کے ساتھ موازنہ کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگی۔ اب تک ووہان اور شینزین سمیت چین کے کئی شہروں سے تعلق رکھنے والے کم از کم 24 مریضوں سے اس وائرس کے نمونے حاصل کرکے ان کا تجزیہ کیا جاچکا ہے۔

اس وائرس کی وجہ سانپ نہيں ہیں: پچھلے ہفتے ایک چینی ٹیم نے دعوی کیا تھا کہ اس وائرس کی وجہ سانپ ہوسکتے ہيں۔ تاہم اب جدید ترین تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس سانپ نہيں بلکہ چمگادڑوں میں پائے جانے والے وائرس سے 96 فیصد مشابہت رکھتا ہے۔ یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا کے وائرولوجسٹ ٹمتھی شیہان (Timothy Sheahan) کہتے ہيں کہ ”اگر یہ ثابت ہوجائے کہ یہ وائرس سانپوں کی وجہ سے پھیل رہا ہو تو مجھے بہت حیرت ہوگی۔“ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ SARS بھی چمگادڑوں کے ذریعے پھیلا تھا۔

تحریر: اینٹونیو ریگالاڈو (Antonio Regalado)

تصویر: bioRxiv، ژہینگ لی شی (Zheng-Li Shi)

Read in English

Authors

*

Top