Global Editions

اوبر نے کرائے پر ای سکوٹر متعارف کروا دئیے

موبائل ایپ کے ذریعے ٹیکسی منگوانے کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنی اُوبر نے کیلیفورنیا میں کرائے پر ای سکوٹر سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سروس کے ذریعے صارفین اپنے علاقے میں ای سکوٹر لے کر ایک ڈالر میں پانچ منٹ کیلئے جہاں چاہے گھوم سکیں گے جبکہ پانچ منٹ بعد سکوٹر کا کرایہ پندرہ سنٹ فی منٹ چارج ہو گا۔ یہ سکوٹر صارف کو اس کی لوکیشن سے قریبی جگہوں پر دستیاب ہوں گے اور بیٹری کے علاوہ پیڈل سے بھی سائیکل کی طرح چلائے جا سکیں گے۔ یہ سکوٹر چھوٹی سی موٹر اور بیٹری سرکٹ پرمشتمل ہیں اور ان پر ایک شخص کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ یہ سڑکوں کے ساتھ بنے ٹریکس اور تنگ راستوں پر باآسانی چل سکتے ہیں جن سے ٹریفک سے بچ کر مقررہ مقامات پر آسانی سے پہنچا جا سکتا ہے۔ اوبر نے یہ سکوٹر اپنی کمپنی کے لئے خصوصی طور پر تیار کرائے ہیں جو بالخصوص خواتین میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔ کیلیفورنیا میں کامیابی کے بعد اوبر اس سروس کو پورے امریکہ اور بعدازاں دیگر ممالک میں پھیلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

Authors
Top