Global Editions

اپالو 11 کی تصویر کی پس پردہ کہانی

چاند پر انسانوں کے پہلے قدموں کی تصویر کے پیچھے قمری مٹی کے ماہر ڈیوڈ کیریئر کا ہاتھ ہے۔

چند مہینوں میں اپالو11(Apollo) کی مہم کی 50ویں سالگرہ ہے، اور ہم ان لوگوں کی کہانیاں پیش کریں گے جن کی وجہ سے انسان کا چاند پر قدم رکھنا ممکن ہوا۔ ہماری سب سے پہلی تحریر اس مہم کے قمری مٹی کے ماہر ڈیوڈ کیریئر کے بارے میں ہے۔

جب ولیم ڈیوڈ کیریئر نے ایم آئی ٹی میں داخلہ لیا، ان کے والد نے انہيں ایئروسپیس کی صنعت میں کام نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈیوڈ کے والد ایک پائلٹ رہ چکے تھے، اور انہيں اندازہ تھا کہ اس شعبے میں ملازمت تلاش کرنا کس قدر مشکل ہے۔ لیکن ہر نوجوان بچے کی طرح کیریئر نے اپنی ہی مرضی چلائی۔ وہ کہتے ہيں "مجھ پر اپالو پروگرام میں شامل ہونے کی دھن سوار تھی۔"

اپالو مہموں کی دوران وہ ناسا میں قمری مٹی کے ماہر اور تفتیش کار کے عہدے پر فائز تھے۔ اپالو 11 کی چاند پر لینڈنگ سے قبل قمری مٹی کے متعلق کئی افواہیں اڑ رہی تھی۔ کیریئر نے خود ہی خلانوردوں کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا۔

کیریئر جس جگہ پر کام کررہے تھے، وہاں سے چند ہی قدم دور، ماہرین ارضیات کی ایک ٹیم ان خلانوردوں کو ایل پاسو جا کر تربیت دینے کی تیاری کررہی تھی۔ کیریئر کہتے ہيں "ان خلانوردوں کو چاند پر جانے سے پہلے ہی ارضیات میں ماسٹرز ڈگری جتنی معلومات مل چکی تھی۔" وہ مزید بتاتے ہيں، "میں نے ان ماہرین ارضیات سے دوستی کی، اور پھر ان سے تربیت میں ان کی مدد کرنے کی اجازت طلب کی۔ وہ فوراً مان گئے۔" کیریئر کے لیے یہ ان خلانوردوں کو قمری مٹی کے متعلق معلومات فراہم کرنے کا بہترین موقع تھا۔

تاہم خدا کو کچھ اور منظور تھا۔ کیریئر کی بیوی کی ڈيلوری تربیت کی تاریخ سے چند روز پہلے تھی، لیکن کیریئر کے مطابق ان کا "بچہ پیدا نہ ہوسکا۔" وہ اپالو کے عملے کے ساتھ ایل پاسو نہيں جاسکے۔

جس روز خلانوردوں کی تربیت تھی، اس روز ہیوسٹن میں موسم بہت خراب تھا۔ کیریئر دھند میں گاڑی چلاتے ہوئے دفتر پہنچے، اور انہيں پوری توقع تھی کہ وہ اس روز اکیلے ہی ہوں گے۔ ایک روز پہلے ان کی پوری ٹیم کو ایل پاسو جانا تھا، لیکن موسم کی خرابی کی وجہ سے وہ نہيں جاسکے۔ کیریئر کہتے ہیں "پورا عملہ، ان کا بیک اپ، بلکہ بیک اپ کا بھی بیک اپ، ہیوسٹن میں ہی تھا، اور ان کے پاس کچھ کرنے کو نہيں تھا۔"

کیریئر کے پاس پوری اپالو 11 کی ٹیم کو ایم آئی ٹی اور ناسا کے لیے قمری مٹی کی ثقافت کے متعلق تربیت فراہم کرنے کے لیے پورا ایک گھنٹہ تھا۔ وہ کہتے ہیں "میں نے انہيں بتایا کہ ان کے جوتے کا نشان تقریباً آدھے انچ کا ہوگا، اور ان کے آلات صحیح نہيں تھے۔ انہوں نے آگے سے مجھے نئے آلات بنانے کا چیلنج دے دیا۔ لیکن میرے خیال سے میری تربیت کی وجہ سے ان خلانوردوں میں خوداعتمادی بھی پیدا ہوئی۔"

اور یہی اس مہم کی سب سے یادگار تصویر کا راز تھا۔ کیریئر کہتے ہیں "میں نے آرم سٹرونگ اور آلڈرن سے کہا تھا کہ وہ پہلے چاند پر قدم رکھنے سے پہلے زمین کی تصویر کھینچیں، اور پر قدم رکھ کر جوتے کے نشان کی تصویر کھینچ کر مجھے دکھائيں۔"

کیریئر کو اپالو 11 مہم کے بعد خلانوردوں سے تفصیل سے بات کرنے کا موقع نہيں ملا۔ تاہم انہیں بعد میں نیل آرم سٹرانگ سے بات کرنے کا اتقاق ضرور ہوا۔ وہ کہتے ہيں "میں اپنے گھر کے پاس والے پٹرول پمپ پر کھڑا تھا، جب میرے سامنے نیل آرم سٹرانگ نے اپنی گاڑی لگادی۔ انہوں نے مجھ سے کہا "چاند پر تمہاری پیشگوئی سے زیادہ پتھر تھے۔"

تحریر: ایرن ونک (Erin Winick)

Read in English

Authors
Top