Global Editions

پاکستان انوویشن فورم میں مقامی ٹیک کمپنیوں کی متاثر کن کارکردگی

اسلام آباد میں منعقد ہونے والے تیسرے پاکستان انوویشن فورم میں دو پاکستانی کمپنیوں نے متاثر کن کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈ جیت لئے۔ ان پاکستانی کمپنیوں کو فارمولا ون الیکٹرک کار اور ایف سولہ فلائیٹ سٹیمولیٹر (کسی پیچیدہ عمل سے مماثلت رکھنے والا نظام جو تربیت کے لئے تیار کیا جائے) تیار کیا ہے۔ پاکستان انوویشن فورم کے چئیر مین سعد امان اللہ خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہمیں اس امر پر اطمینان کا اظہار کرنا چاہیے کہ ہمارے نوجوان نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں بلکہ وہ اب تحقیق و ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی قدم بڑھا رہے ہیں۔ اس فورم میں ہمیں ایسی ہی متاثر کن صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع ملا ہے۔

ایف سولہ طیاروں کے حوالے سے تیار کیا جانیوالا مصنوعی نظام درحقیقت اصل کاک پٹ جیسا ہی ہے اور اس میں وہ تمام سازوسامان موجود ہے جو کسی بھی اصل جنگی طیارے میں موجود ہوتا ہے۔ اس نظام کے تحت نہ صرف نوجوان پائلٹس کو تربیت دی جا سکتی ہے بلکہ اس کے ذریعے نوجوانوں کو تفریحی مواقع اور عملی تربیت بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔

اس نظام کے خالق سسٹم ٹیکنالوجیز انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو سید محمد رضا کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم پاکستان کی واحد کمپنی ہیں جنہوں نے ایسی پراڈکٹ تیار کی ہے اور ہم اس مقامی استعمال کے ساتھ ساتھ برآمد بھی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کی پہلی فارمولہ ون الیکٹرک کار پاکستان نیوی انجئینرنگ کالج اور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے طالبعلموں نے باہمی اشتراک عمل کے ذریعے تیار کی ہے۔ اس حوالے سے فراہم کی جانیوالی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سولہ رکنی ٹیم نے سولہ ماہ کی محنت کے بعد یہ گاڑی تیار کی ہے اس گاڑی کا وزن 275 کلو اور یہ 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس گاڑی میں لیتھیم پولیمر بیٹریز استعمال کی گئی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ جدید ترین سٹئیرنگ، بریک سسٹم نصب کئے ہیں۔

اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں جن دیگر شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا ان میں انڈس ہسپتال کے ڈاکٹر عبدالباری خان، عثمان ریاض بھی شامل ہیں۔

تحریر: نشمیا سکھیرا (Nushmiya Sukhera)

Read in English

Authors
Top