Global Editions

موبائل ایپ کی مدد سے طالب علموں کی کارکردگی کا جائزہ

امتحانات کے نزدیک طالب علموں پر دباؤ بڑھ جاتا ہے ہر کوئی امتحانات میں اچھے نتائج کے لئے فکرمند ہو جاتا ہے۔ طالب علم تو اپنی جگہ ان کے والدین بھی دباٖؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ایسے وقت میں بچوں کے والدین عموماً ایک جیسی صورتحال کا سامنا کرتے ہیں اور ایک ہی سوال پوچھتے نظر آتے ہیں کہ کیا ہمارے بچوں کی تیاری اتنی اچھی ہے کہ وہ بہترین نتائج حاصل کرسکیں۔ تاہم اب دو پاکستانیوں نے ایسے سوالات کے جوابات تلاش کر لئے ہیں۔ ان پاکستانیوں نے ایک ایسا موبائل اور ویب بیسڈ پلیٹ فارم تیار کیا ہے جو بچوں کی تعلیمی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے انہیں تعلیمی مسائل کے حل کے لئے تجاویز پیش کرتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کا نام Optimaken رکھا گیا ہے۔Optimaken کے شریک بانی امین بیگ کا کہنا ہے کہ انہیں یہ ایپ بنانے کا خیال ذاتی تجربات کی روشنی میں آیا جب انہیں ہر دو تین ماہ کے بعد والدین اور اساتذہ کی مشترکہ میٹنگ میں بیٹھنا پڑتا تھا جس میں یہ بتایا جاتا تھا کہ آپ کا بچہ اساتذہ کی ہدایات پر عمل نہیں کر رہا، توجہ نہیں دے رہا وغیرہ وغیرہ۔ امین بیگ کا ماننا ہے کہ بچے پر دباؤ یا ضرورت سے زیادہ توجہ بچے کی کارکردگی کو طویل عرصے تک بڑھا نہیں سکتی اور یہی اس ایپ کے پس پردہ بنیادی تصور ہے۔ اس ایپ کی مدد سے بچے کی بنیادی کمزوریوں اور صلاحیتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے اور اس کی مدد سے والدین بھی نہایت آسانی کے ساتھ بچوںکی تعلیمی کارکردگی پر نظر رکھ سکتے ہیں۔یہ سسٹم طالب علموں کو تعلیمی معاونت کا سہولیات فراہم کرتا ہے اور اسے کسی حد تک ٹیوشن کا متبادل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس ایپ کے لئے طالب علموں کی تعلیمی کارکردگی، حاصل کردہ گریڈ وغیرہ سے متعلق تفصیلات داخل کرنا ہونگی۔ ان تفصیلات کی بدولت ایپ طالب علم کے سلیبس کا جائزہ لیتے ہوئے طالب علم کی انفرادی کارکردگی کا تجزیہ کریگی اور جیسے ہی طالب علم کو درپیش مسائل کی شناخت کر لی جائے گی تو اس ایپ کی مدد سے طالب علم کی رہنمائی اور تعلیمی استعداد کار میں بہتری کے لئے مواد فراہم کیا جائیگا۔ Optimaken صارفین کو یہ موقع بھی فراہم کریگی کہ طالب علموں کی تعلیمی کارکردگی اور بہتری کا ریکارڈ بھی محفوظ رکھا جائے۔امین بیگ کا کہنا ہے کہ وہ پلان نائن اور پلان ایکس میں ملنے والی تربیت اور رہنمائی کی بدولت ہی اس ایپ کو موثٖر بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔Optimaken چاہتی ہے سکول جانے والے بچوں کی نہ صرف تعلیمی قابلیت میں اضافہ کیا جائے بلکہ ان کی ذہنی نشوونما اس طرح ہو جائے کہ وہ مقابلے کی فضا میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ اس وقت Optimaken پائلٹ پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے اور مزید اندرونی تجربات کے بعد تین ماہ کے اندر اس پراجیکٹ کو پبلک سکولز کے لئے لانچ کر دیا جائے گا۔

تحریر: شریں نصیر (Shirin Naseer)

Read in English

Authors
Top