Global Editions

دو روزہ سٹارٹ اپ لاہور کا آغاز26 جنوری سے ہو گا

لاہور میں انٹرپئینوئیر شپ کا منظر نامہ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر نئے سٹارٹ اپ قائم ہو رہے ہیں اور مقامی سرمایہ کار سٹاک مارکیٹ یا کنسٹرکشن بزنس کی جگہ اب نئے سٹارٹ اپس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی لےرہے ہیں۔

ایم آئی ٹی انٹرپرائز فورم پاکستان سٹارٹ اپ لاہور کے نام سے ایک ایونٹ کا انعقاد کر رہا ہے۔ یہ دو روزہ کانفرنس لاہور میں 26 جنوری سے شروع ہو گی اور 27 جنوری کو اختتام پریز ہو گی۔ اس کانفرنس کے ذریعے مقامی سرمایہ کاروں، انٹرپرینئوئرز، ٹیک کمپنیوں اور مقررین کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جائیگا جہاں وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے آگاہ ہو سکیں گے اور اس کے ساتھ نئی کمپنیوں کو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں تک رسائی کا موقع ملے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ معروف کاروباری حضرات نئی کمپنیوں سے وابستہ افراد کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے تربیتی سیشنز میں بھی شرکت کرینگے اور انہیں اپنے تجربات سے آگاہ کرینگے۔ارفا سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک میں منعقد ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس میں تین ہزار سے زائد شرکاء شریک ہونگے اور اس کے ساتھ ساتھ ایک سو پچاس سے زائد سٹارٹ اپس اور تیس سے زائد سرمایہ کاروں کی شرکت متوقع ہے۔

اس کانفرنس کے حوالے سے چئیر مین پی آئی ٹی بی اور وائس چانسلر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران لاہور خود ایک ٹیکنالوجی کےگڑھ میں تبدیل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری نئی کمپنیوں اور مقامی سرمایہ کاروں کے درمیان روابط مضبوط ہو رہے ہیں۔ سٹارٹ اپ لاہور اس اشتراک کو مزید مستحکم بنانے کا ذریعہ ثابت ہو گا۔

اس دو روزہ کانفرنس کا اہم مرحلہ وہ ہوگا کہ جب مقامی کمپنیاں عوام الناس اور ماہرین کے سامنے اپنی کمپنیوں کے حوالےسے بزنس آئیڈیاز پیش کرینگی۔ اس مقصد کے لئے ضروری ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے پیش کئے جانیوالے بزنس پلان 350 الفاظ سے زیادہ نہ ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ کمپنیاں اپنی ٹیم کا مختصر تعارف بھی پیش کرینگی۔ آئیڈیاز اور بزنس پلان کی چھان بین کے بعد کمپنیوں کو نمبر دئیے جائیں گے جس کے ذریعے ہی بہترین سٹارٹ اپس کا تعین کیا جائیگا۔ اس کےساتھ ساتھ فورم کی ویب سائٹ پر عوام الناس کو یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ وہ اپنی پسندیدہ کمپنی کے بارے رائے دیں اس کے ذریعے کمپنیوں کے بانیان بھی عوام سے رابطہ رکھ سکیں گے اور انہیں اپنے خیالات سے آگاہ بھی کر سکیں گے اور ان کی آراء سے استفادہ بھی حاصل کر سکیں گے۔اس مرحلے کے بعد حاصل کردہ نمبروں، بزنس پلان، بزنس پلان کی کمرشل نمو پزیری کی بنیاد پر تین بہترین سٹارٹ اپس کا انتخاب کیاجائیگا۔ تین بہترین سٹارٹ اپس کو انعامی رقم سمیت پلان ایکس میں تربیت بھی فراہم کی جائیگی۔

اس ایونٹ کی مزید تفصیلات کے لئے متعلقہ ویب سائٹ، فیس بک، ٹویٹر اور انسٹا گرام کے پیجز بھی ملاحظہ کئے جا سکتے ہیں۔

تحریر: نشمیا سکھیرا (Nushmiya Sukhera)

Read in English

Authors
Top