Global Editions

مومینٹم کانفرنس میں سوشل چیمپ، کیمپس فیڈ اور نیئر پیئر نے میدان مار لیا

کراچی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی دو روزہ مومینٹم کانفرنس میں سوشل چیمپ، کیمپس فیڈ اور نیئر پیئر کمپنیوں نے میدان مار لیا۔ اس کانفرنس میں 180 سٹارٹ اپس نے شرکت کی جن میں سے 24 پلان نائن سے انکیوبیٹ ہوئی تھیں۔ان 180سٹارٹ اپس میں سے سوشل چیمپ، کیمپس فیڈ اور نیئر پیئر سرفہرست رہیں۔ اس کانفرنس میں دیگر مقررین کے علاوہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چئیرمین ڈاکٹر عمر سیف نے "Why is Innovation Important for Pakistan" کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ مومینٹم کانفرنس میں پہلا انعام سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کیلئے سوشل میڈیا ٹول کٹ فراہم کرنے والی کمپنی "سوشل چیمپ "نے جیتا۔پلان نائن کی کمپنیاں بھی پیچھے نہیں رہیں کالج اور یونیورسٹی کے طلباء کو تعلیمی معاوت کیلئے آن لائن پلیٹ فارم فراہم کرنے کیلئے کمپنی کیمپس فیڈ نے کانفرنس میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ نجی کالجز میں پڑھائے جانے والے کورسز کی آن لائن معاونت فراہم کرنے والی نیئر پیئر کمپنی تیسری پوزیشن پر رہی۔ سوشل چیمپ کو نیسٹ میں انکیوبیٹ کیا گیا جس میں انہیں پاکستان سافٹ وئیر ہائوسز ایسویسی ایشن PASHA کا تعاون حاصل رہا جبکہ اس کانفرنس میں دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کرنے والی کمپنیوں کیمپس فیڈ اور نیئر پیئر کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے پلان نائن میں تربیت دی گئی۔اس کانفرنس میں پہلا انعام حاصل کرنے والوں کو دس لاکھ، دوسرا انعام حاصل کرنے والوں کو سات لاکھ اور تیسرا انعام حاصل کرنے والوں کو تین لاکھ روپے دئیے گئے۔ سوشل چیمپ کی مدد سے صارفین اپنی پوسٹس کو سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر شیڈولڈ پوسٹس کر سکتے ہیں اور اس کیلئے سوشل چیمپ مختلف دیگر فیچرز بھی فراہم کرتا ہے۔ سوشل میڈیا کا بنیادی فیچر صارفین کو مفت سہولیات فراہم کرتا ہے تاہم اس کی دیگر دو سہولیات سے فائدہ اٹھانے کیلئے صارفین کو فیس کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ ایسے صارفین جو بڑی تعداد میں پوسٹ شئیر کرنا چاہتے ہیں سوشل چیمپ ان کیلئے فیس کی ادائیگی کے تین پے منٹ پلان بھی تجویز کرتا ہے جسے صارفین اپنی سہولت کے مطابق حاصل کر سکتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ سوشل چیمپ طالبعلموں کے لئے ایک خصوصی سہولت مفت فراہم کرتا ہے اور اس سہولت کے تحت طالب علم اپنی کیمپس کمیونٹی کے لئے خفیہ رہتے ہوئے فری خبریں اور ویوز شئیر کر سکتا ہے ۔ اس وقت یہ سہولت لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے لئے ہی دستیاب ہے تاہم آئندہ چند مہینوں کے اندر اس کا دائرہ لاہور کے دیگر تعلیمی اداروں تک بھی بڑھا دیا جائیگا۔

اسی طرح Nearpeer کالج اور یونیورسٹی کے طالبعلموں کو مختلف کورسز کے لئے آن لائن معاونت فراہم کرتی ہے۔ یہ سٹارٹ اپ مستقبل میں کالج اور یونیورسٹی میں پڑھائے جانیوالے کورسز کے لئے مفت آن لائن معاونت کی سہولت کے آغاز کا ارادہ رکھتی ہے۔ تاہم اس وقت وہ او اور اے لیول کے طالبعلموں کے ساتھ ساتھ چارٹرڈ اکائونٹینسی کے طالبعلموں کو معاونت فراہم کرنے کے لئے فیس وصول کر رہی ہے۔

مومینٹم کانفرنس سالانہ بنیادوں پر منعقد ہوتی ہے اور اس کا بنیادی مقصد کاروباری شخصیات، ٹیکنالوجی ماہرین، سرمایہ کاروں اور اساتذہ کو پاکستان میں ٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے کام کرنیوالوں کی طرف متوجہ کرنا اور سٹارٹ اپس کے بانیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

تحریر: ٹیکنالوجی ریویو پاکستان (TR Pakistan)

Read in English

Authors
Top