Global Editions

روبوٹک ایکسپو میں سماجی اہمیت کے پراجیکٹس کی نمائش

اس وقت ہر شعبہ ہائے زندگی میں ٹیکنالوجی کا استعمال عام ہو چکا ہے اور ٹیکنالوجی کے استعمال کے ثمرات سے ہر خاص و عام مستفید ہو رہا ہے اور اب ٹیکنالوجی کے استعمال کا پھیلائو بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ لاہور میں منعقد ہونے والی پانچویں روبوٹک ایکسپو میں بھی ایسی ہی ٹیکنالوجیز کی نمائش دیکھنے کو ملی جہاں پاکستانی ہنرمندوں نے اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کیا۔ روبوٹک ایکسپو انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں منعقد کی گئی اور اس میں طالب علموں نے ملک کو درپیش سماجی مسائل کے حل کےلئے اپنے پراجیکٹس پیش کئے۔ٹیکنالوجی ریویو پاکستان اس ایکسپو میں پیش کئے جانیوالے نمایاں پراجیکٹس کی اہمیت پر روشنی ڈال رہا ہے۔

مشین مہربانی: یہ مشین ان مشینوں کی طرز پر تیار کی گئی ہے جن میں سکے ڈالنے سے کھانے پینے کی اشیاء باہر آ جاتی ہیں تاہم اس مشین کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں سکے ڈالنے کی ضرورت نہیں بلکہ اس مشین میں پلاسٹک کی بوتلیں ڈالی جاتی ہیں جنہیں یہ فوری طور پر کرش کر دیتی ہے اور اس کے بدلے مشین میں بوتل ڈالنے والے کو سنیکس کھانے کے لئے دئیے جاتے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ مشین بے گھر افراد کے لئے تیار کی گئی ہے اور اس کا بنیادی مقصد ایک جانب تو پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کی کوشش کرنا اور دوسرا بے گھر افراد کی مدد ہے۔ روبوٹک ایکسپو میں اس پراجیکٹ کو پہلی پوزیشن حاصل ہوئی۔

الیکٹرانک ناکہ: یہ ڈیوائس لاہور ہائی کورٹ میں روزانہ کی بنیاد پر داخل ہونے والے افراد کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لئے تیار کی گئی ہے۔ روایتی طور پر لاہور ہائی کورٹ کی حدود میں داخل ہونے والے افراد کا ریکارڈ مینوئلی انداز میں مرتب کیا جاتا ہے۔ افراد کے شناختی کارڈ نمبر، نام اور پتہ ایک رجسٹر میں درج کئے جاتے ہیں اور اس کے بعد ان افراد کو ہائی کورٹ کی عمارت میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو طویل انتظار کی زحمت اٹھانا پڑتی ہے۔ تاہم اس مشین کی مدد سے یہ کام لمحوں میں مکمل ہو جائے گا۔ الیکٹرانک ناکہ مشین کے ذریعے لاہور ہائی کورٹ کی عمارت میں داخل ہونے والے افراد کا کمپیوٹرآئزڈ شناختی کارڈ پر موجود بارکوڈ سکین کیا جائیگا اور اس میں موجود تمام تفاصیل کمپیوٹر میں محفوظ ہو جائیں گی اور اس کے بعد افراد اور گاڑیوں کو لاہور ہائی کورٹ کے احاطہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائیگی۔

طبیب: اس پراجیکٹ نے روبوٹک ایکسپو میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ یہ مشین ایک مخصوص حیطہ عمل میں تھرتھراہٹ اور کانوں کو بھلی محسوس ہونے والی آواز پیدا کرتی ہے۔ آواز کی یہ لہریں "Solfeggio frequencies" کہلاتی ہیں۔ تحقیق کے مطابق یہ ڈپریشن میں مبتلا افراد کو سکون پہنچانے میں بہت ہی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

اس ایکسپو میں مزید بھی کئی پراجیکٹس نمائش کے لئے پیش کئے گئے جو بہت زیادہ عوامی اہمیت کے حامل ہیں۔ مثال کے طور پر ایک ایسا روبوٹ بھی نمائش کے لئے پیش کیا گیا جو کھڑکیاں صاف کرنے کا کام کرتا ہے اور اس روبوٹ کو خاص طور پر اونچی عمارات پر نصب شیشوں کی صفائی کے لئے کام میں لایا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ایسی میڈیکل پراڈکٹ بھی نمائش کے لئے پیش کی گئی جو ادویات کے استعمال کو کنٹرول کرتی ہے اور ادویات کے زائد استعمال کو روکتی ہے۔

Read in English

Authors
Top