Global Editions

توانائی کےبین الاقوامی مقابلے میں شرکت کا موقع

پاکستان کے بڑے ٹیکنالوجی ایکسیلریٹر پلان ایکس (Plan X)نے نیو انرجی گلوبل سٹارٹ اپ فیسٹ کے ساتھ شراکت داری کا آغاز کیا ہے جس کے تحت شفاف توانائی اور معینہ توانائی پر معلومات اور منصوبوں کا باہمی تبادلہ کیا جائے گا۔ نیو انرجی گلوبل سٹارٹ اپ فیسٹ بین الاقوامی سطح کا مقابلہ ہے ،جس میں دنیا بھرسے قابل تجدید توانائی کی بڑی کمپنیاں ، سرمایہ کار اور ماہرین اکٹھے ہوتے ہیں۔ یہ مقابلہ جمہوریہ قازقستان کی وزارت توانائی کے زیر اہتمام منعقد ہوتا ہے، رواں سال اس سلسلے میں27اکتوبر 2016ء کو آستانہ میں منعقد کرایا جائے گا۔اس مقابلے کا مقصد کمپنیوں، سرمایہ کاری فنڈز، ماہرین اور پیشہ ور افراد کے درمیان شفاف ٹیکنالوجی کے میدان میں جدید خیالات کا تبادلہ کرنا ہے،ایم آئی ٹی انٹرپرائز فورم پاکستان اور پلان ایکس کی ڈائریکٹر حفصہ شورش کہتی ہیں کہ “ہمارے ملک میں توانائی اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے اور مقامی کاروباری افراد کو اس پر توجہ دینےکی ضرورت ہے”۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پلان ایکس ان اقدامات کو فروغ دینے کی خواہش رکھتا ہے جو ہمیں سرسبز اور آلودگی سے پاک دنیا میں لے جائے۔ نیو انرجی گلوبل سٹارٹ اپ فیسٹ کے دوران دنیا کی 100بہترین سٹارٹ اپ ٹیموں کو اپنےمنصوبے پیش کرنے کیلئے آستانہ دورے کے تمام اخراجات ادا کئے جائیں گے۔ ٹیموں کو متبادل اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع، آب و ہوا اور ماحولیات، سمارٹ سٹیزاور ان کے پائیدار بنیادی ڈھانچے، آبی وسائل کے موثر استعمال ، نئی پیداوار ی ٹیکنالوجی کے میدان میں تازہ ترین عالمی رجحانات پیش کرنے کا موقع ملے گا۔

تجربہ کار ججوں کی ایک ٹیم 30بہترین سٹارٹ اپ ٹیموں کا انتخاب کرے گی جنہیں اس مقابلے میںاپنے منصوبے پیش کرکے انعام جیتنے، بین الاقوامی سطح پر اپنی کمپنی کو متعارف کروانے اور سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ بہترین ٹیموں کو 2017ء میں آستانہ میں ہونے والی نمائش میں شرکت کا موقع بھی ملے گا۔ مقابلے میں بڑا انعام جیتنے کے علاوہ کمپنیوں کو آستانہ شہر کو جاننے، وہاں کے سٹیک ہولڈرز سے ملنے اور متعلقہ صنعتوں کا دورہ کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ پلان ایکس تمام متعلقہ پاکستانی کمپنیوں کو اس مقابلے میں حصہ لینے اور اس تجربے سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دے رہا ہے۔ مقابلے میں شرکت کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ یکم اکتوبر 2016ء ہے۔ جو کمپنیاں درخواست دینے میں دلچسپی رکھتی ہیں وہ یہاں اپنی درخواست بھیج سکتے ہیں۔ http://bit.ly/2bLmPCp

تحریر:مہ رخ سرور (Mahrukh Sarwar)

Read in English

Authors
Top