Global Editions

ترکی کانفرنس کے لئے سات پاکستانی کمپنیوں کا انتخاب

ترکی کے شہر استنبول میں منعقد ہونے والی بین الا قوامی سٹارٹ اپ کانفرنس میں شرکت کے لئے سات پاکستانی کمپنیوں کو منتخب کر لیا گیا۔ استنبول میں ہونے والی اس چار روزہ کانفرنس میں تمام نئے سٹارٹ اپس کو اپنے اپنے آئیڈیاز دنیا سے شئیر کرنے کا موقع ملے گا۔استنبول میں ہونے والی کانفرنس میں دنیا کے چالیس ممالک سے ایک سو سٹارٹ اپ شرکت کرینگی۔اس کانفرنس کے دوران دنیا بھر سے آنیوالے مندوبین کو ایک دوسرے سے ملنے اور ان کے ساتھ اپنے آئیڈیاز کے بارے میں گفتگو کرنے اور دنیا بھر میں موجود کمپنیوں کے کام کے طریقے کو سمجھنے میں مدد ملے گی اس کے ساتھ ساتھ مندوبین کو دنیا کی صف اول کی انٹرنیٹ کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور وینچر کیپیٹلسٹس سے ملاقات کا موقع بھی ملے گا۔

اس کانفرنس کے آغاز کے پہلے دو دنوں یعنی 6 اور 7 اکتوبر کو کمپنیاں اپنے اپنے آئیڈیاز سے دنیا بھر سے آئے سرمایہ کاروں اور انٹرنیٹ کمپنیوں کو اپنی جانب متوجہ کرینگی اور ان سے اپنے اپنے آئیڈیاز کے بارے میں رائے اور رہنمائی حاصل کرینگی۔ اس کے بعد منتخب ہونے والی پچاس کمپنیاں 8 اکتوبر کو دنیا بھر سے آئے پانچ سو زائد سرمایہ کاروں کو اپنی تخلیقی خیالات سے آگاہ کرینگے اور ان سے اپنی مصنوعات کی تیاری کے لئے سرمایہ کاری حاصل کرنے کی کوشش کرینگی۔ اس عمل کے دوران پندرہ کمپنیوں کو فائنل مرحلے کے لئے منتخب کیا جائیگا۔

اس کانفرنس میں شرکت کے لئے جن پاکستانی کمپنیوں کو منتخب کیا گیا ہے ان میں پلان 9 سے کیمپس فیڈ، Euphoria، مال آف پاکستان، Cyphlon اور Webify شامل ہیں، پلان ایکس سے Bookme.pk، لمز سینٹر سے Treble کو منتخب کیا گیا ہے۔ اس کانفرنس کے حوالے سے Euphoria کمپنی کے شریک بانی علی احمد کا کہنا ہے کہ ہم اس ایونٹ کے بیتابی سے منتظر ہیں کیونکہ اس ایونٹ کے نتیجے میں ہمیں دنیا بھر سے آئے سرمایہ کاروں اور اس میدان میں کام کرنے والے نامور ماہرین سے ملاقات کرنے اور ان کے ساتھ اپنے آئیڈیاز کو شئیر کرنے کا موقع ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں ورچوئل رئیالٹی سینٹر کھولنا چاہتے ہیں تاکہ مختلف دماغی اور نفسیاتی مریضوں کا علاج ممکن ہو سکے اور نفسیاتی مریضوں کے علاج کے لئے ورچوئل رئیالٹی پلے رومز سے مستفید ہو سکیں گے۔

سٹارٹ اپ استنبول دنیا بھر میں ہونے والی سٹارٹ اپ کانفرنسز میں سے ایک ہے جو سالانہ کی بنیاد پر منعقد ہوتی ہے۔ اس کانفرنس کے دوران سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے نئے مواقع ملتے ہیں تو دوسری جانب نئی کمپنیوں کو اپنے آئیڈیاز کی تکمیل کے لئے سرمایہ حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے اور ان کانفرنسز میں شرکت کرنے والوں کو بیش قیمتی تجربہ بھی حاصل ہوتا ہے۔

تحریر: ماہ رخ سرور (Mahrukh Sarwar)

Read in English

Authors

*

Top