Global Editions

اوکولس نے وی آر ہیڈ سیٹس کے ڈیمو سٹیشن بند کر دئیے

ورچوئل رئیالٹی کی دنیا وسیع ہوتی جا رہی ہے اور اب دنیا بھر میں اس کے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ صارفین کی جانب سے حاصل ہونے والی پزیرائی کے بعد اب اوکلولس وی آر ہیڈ سیٹ تیار کرنے والے ادارے فیس بک کے ورچوئل رئیالٹی ڈویژن نے بیسٹ بے سٹورز پر شروع کئے جانیوالے پانچ سو فری ڈیمو سٹیشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بزنس انسائیڈر کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق دو سو سے زائد ڈیمو سٹیشن صارفین کی عدم توجہی کے سبب بند کئے گئے ہیں۔ ان ڈیمو سٹیشنز پر کام کرنے والوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کئی روز تک ایسا ہوتا ہے کہ ان کے پاس کوئی بھی ورچوئل رئیالٹی ہیڈ سیٹ کا ڈیمو دیکھنے تک نہیں آتا۔ اس حوالے سے بزنس انسائیڈر کو حاصل ہونے والی ایک آفس میمو میں ان ڈیمو سٹیشنز کو بند کرنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے تاہم بیسٹ بے ان ہیڈ سیٹس کی فروخت جاری رکھے گی۔ اوکولس رفٹ کو گزشتہ برس فروخت کے لئے پیش کیا گیا تھا اور اسے ورچوئل رئیالٹی کےمیدان میں ایک اہم قدم کے طور پر گردانا گیا تھا تاہم اس وقت بھی ورچوئل رئیالٹی ٹیکنالوجی اپنے ابتدائی دور میں ہے اور ورچوئل رئیالٹی ہیڈ سیٹ وزن میں بہت بھاری ہیں۔ مارکیٹ میں اشیاء کی فروخت کا جائزے پیش کرنے والے ادارے Canalys کے مطابق گزشتہ برس دو ملین سے زائد ہیڈ سیٹس فروخت کے لئے پیش کئے گئے۔ اوکولس رفٹ کی جانب سے چار لاکھ ہیڈ سیٹ فروخت کے لئے پیش کئے گئے اس طرح اوکولس رفٹ نے مارکیٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس وقت سونی پلے سٹیشن اور ایچ ٹی سی واویو پہلی دو پوزیشنوں پر براجمان ہیں۔ تاہم یہ تعداد بھی گیمینگ کونسولز کے مقابلے بہت کم ہے اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ سونی کا پلے سٹیشن PS4 اس وقت مارکیٹ میں پہلے نمبر پر ہے اور صرف چھٹیوں کے سیزن میں اس کے ساٹھ لاکھ سے زائد پلے سٹیشن فروخت ہوئے۔ اس حوالے سے اوکولس کی ترجمان انڈریا سچبرٹ (Andrea Schubert) کا کہنا ہے کہ ڈیمو سٹیشنز کے نیٹ ورک کے ساتھ معاہدہ سیزنل وجوہات کی بنا پر تھا اور کمپنی بڑے کاروباری مراکز میں بیسٹ بائے سٹورز پر ڈیمو پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اسی طرح اوکولس نے گزشتہ برس کے دوران مقامی کمیونیٹز کو سینکڑوں کی تعداد میں ڈیمو پیش کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ ورچوئل رئیالٹی کے بارے میں جاننے کے لئے ضروری ہے کہ اس کا براہ راست جائزہ لیا جائے یا اس کا ایک مرتبہ تجربہ ضرور کیا جائے۔ دوسری جانب Gartner کے ایک تجزیہ نگا برین بلاؤ (Brain Blau) کا کہنا ہے کہ ورچوئل رئیالٹی کے حوالے سے ڈیمو سٹیشن بند کرنے کا فیصلہ درحقیقت اس صورتحال کا غماز ہے جو اس وقت ورچوئل رئیالٹی کے شعبے کو درپیش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی اور وقت گزرنے کے ساتھ ان ڈیوائسز کو ترقی کرنے میں مدد ملے گی۔

تحریر: ریچل میٹز (Rachel Metz)

Read in English

Authors
Top