Global Editions

میوزک سٹریمنگ کمپنی پٹاری نے دو لاکھ ڈالر کی فنڈنگ حاصل کر لی

میوزک سٹریمنگ کمپنی پٹاری نے ایک سرمایہ کار انویسٹر سینڈیکیٹ کی جانب سے دو لاکھ ڈالر کی بنیادی سرمایہ کاری کے لئے فنڈنگ حاصل کر لی ہے۔ اس حوالے سے پٹاری کے چیف ایگزیکٹو خالد باجوہ کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی پٹاری نے صارفین کے لئے بہترین سہولیات اور پراڈکٹس متعارف کرا کر سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کی اور اب سرمایہ کار کی جانب سے کی جانیوالی اس بنیادی سرمایہ کاری کی بدولت ہم پاکستانی میوزک کے شعبہ میں مزید پوٹینشل دریافت کرینگے اور اس کو ترقی دینگے۔

سرمایہ کار سینڈیکیٹ کے بانی رابیل وڑائچ کا کہنا ہے کہ ہمارا سینڈیکیٹ نئی قائم ہونے والی کمپنیوں کے پوٹینشل اور صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے بنیادی سرمایہ کاری کرتا ہے اور پٹاری اس حوالے سے ہمارا پہلا پارٹنر ہے ان کا کہنا ہے کہ ہم نے پٹاری کا انتخاب اس وجہ سے کیا ہے کہ اس نئی کمپنی میں بہترین ٹیم موجود ہے جس میں بہت سی صلاحیتیں ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ کمپنی پاکستان کی میوزک انڈسٹری کو ترقی دینے میں معاون ثابت ہو گی۔

گزشتہ برس کے آغاز میں پٹاری سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک کے پروگرام ایف ایٹ میں پہلی ڈیجیٹل پارٹنر بنی جس کی بدولت پٹاری کی پراڈکٹس کو فیس بک جیسا مقبول عام پلیٹ فارم دستیاب ہوا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہی پٹاری نے کئی ہائی پروفائل میوزک ریلیز بھی کیں جن میں معروف فنکاروں نوری، مورو، عزیر، جسوال وغیرہ شامل ہیں اس کے علاوہ پٹاری نے ’’ہو من جہاں‘‘ اور ’’بن روئے‘‘ نامی فلموں کے سائونڈ ٹریک بھی ریلیز کئے۔
پٹاری کے ڈائریکٹر کونٹینٹ احمر نقوی کا کہنا ہے کہ ہماری کمپنی سے پہلے پاکستان کے روایتی اور فوک میوزک گانے والوں کو نہ کوئی رائلٹی ملتی تھی اور ان کے گانوں کو کاپی رائٹ کی سہولت فراہم کی جاتی تھی تاہم ہماری کمپنی مقامی گلوکاروں کو یہ دونوں سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

پٹاری کو پلان نائن انکیوبیٹر میں بنیادی تربیت دی گئی اور اس کی Beta سروسز کا آغاز سال 2015 میں ہوا اور آغاز کے ساتھ ہی اس کی تشہیری مہم نے عوامی پزیرائی حاصل کی۔ گزشتہ برس ستمبر میں اس پلیٹ فارم کو براہ راست نشریات کے لئے کھول دیا گیا اور صارفین ایک موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پٹاری کی سہولیات سے مستفید ہو سکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ پٹاری کی ویب سائٹ سے بھی رجوع کیا جا سکتا ہے۔

تحریر: ٹی آر پاکستان (TR Pakistan)

Read in English

Authors
Top