Global Editions

ٹیکنالوجی ریویو پاکستان نیو انرجی گلوبل سٹارٹ اپ فیسٹیول کا میڈیا پارٹنر بن گیا

دنیا کے 35 ممالک کی صف اول کی ایک سو کمپنیاں آئندہ ماہ 26 سے 28 اکتوبر تک قازقستان کے شہر آستانہ میں جمع ہو رہی ہیں تاکہ وہ قابل تجدید توانائی اور صاف توانائی کے حصول اور تیاری کے لئے اپنے اپنے خیالات اور تصورات سے دنیا بھر سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں، ماہرین اور مندوبین کو آگاہ کر سکیں۔ قازقستان میں ہونے والی نیو انرجی گلوبل سٹارٹ اپ فیسٹیول سے ان کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور ماہرین کو ایک ہی چھت تلے بیٹھ کر اپنے خیالات سے ایک دوسرے کو آگاہ کرنے کا موقع ملے گا۔

نیو انرجی گلوبل سٹارٹ اپ فیسٹیول کے لئے ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو پاکستان کو (پاکستان کے لئے) میڈیا پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔ یہ میگزین پاکستان میں سائنس، ٹیکنالوجی اور انٹرپنیوئیرشپ کے حوالے سے ہونے والی کاوشوں کو اجاگر کرتا ہے۔

اس فیسٹیول کا مقصد سبز معیشت کی ترقی، قابل تجدید اور متبادل توانائی ذرائع کے فروغ اور تیاری کا تصور پیش کرنے والی کمپنیوں، وینچر فنڈز اور ان خیالات کو تیزی کے ساتھ روبہ عمل لانے والوں کو ایک جگہ جمع کرنا ہے تاکہ سب ایک دوسرے کے خیالات سے مستفید ہو سکیں اور ایسے قابل عمل خیالات کی حوصلہ افزائی کر سکیں جن کی مدد سے صاف اور قابل تجدید متبادل توانائی ذرائع کا حصول ممکن ہو سکے۔ اس ایونٹ سے قبل ماہرین کا پینل 100نئی کمپنیوں کو پری سلیکٹ کرے گا اور انہیں قازقستان کے شہر آستانہ آنے اور فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ اس فیسٹیول کے دوران شرکاء موسم اور ایکالوجی (ماحولیات)، سمارٹ شہر، قابل برداشت ڈھانچہ، استدلال، پانی کے ذخائر کے بہتر استعمال اور نئی ٹیکنالوجیز اور ان کے استعمال کے طریقہ کار پر بحث کرینگے۔ اس ایونٹ کے دوران ماہرین کا پینل 30 بہترین کمپنیوں کا انتخاب کریگا جو آستانہ ہی میں ہونے والی ایکسپو 2017 ءمیں اپنے اپنے خیالات سے شرکاء کو آگاہ کرینگی۔ اس فیسٹیول سے توانائی کے شعبہ میں کام کرنے والی کمپنیوں کو میڈیا کوریج کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں، صنعت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور دیگر قابل ذکر افراد سے روابط بڑھانے اور ان کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع بھی حاصل ہو گا۔

پاکستان سے بھی ایک کمپنی Wattie نے بھی اس فیسٹیول میں شرکت کے لئے درخواست بھیجی ہے اور اب وہ اس ایونٹ میں شرکت کے لئے پری سلیکشن کی منتظر ہے۔ اس فیسٹیول میں شرکت کے لئےدرخواستیں یکم اکتوبر تک وصول کی جائینگی۔ نئی کمپنیاں بھی نیو انرجی ویب سائٹ کے ذریعے بھی درخواستیں ارسال کر سکتی ہیں۔

تحریر: نشمیا سکھیرا (Nushmiya Sukhera)

Read in English

Authors

*

Top