Global Editions

کارڈلیس ورچوئل رئیالٹی ہیڈ سیٹ تیار

فیس بک کی جانب سے ورچوئل رئیالٹی سے لطف اندوز ہونے کے لئے اوکولس رفٹ وی آر ہیڈ سیٹ متعارف کرائے گئے۔ جنہیں عوامی پزیرائی بھی حاصل ہوئی، یہ ہیڈ سیٹ نہایت طاقتور کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کر کے بھی استعمال کئے جا سکتے ہیں اب حال ہی میں ہم نے اوکولس کی جانب سے تیار کئے جانیوالے ورچوئل رئیالٹی ہیڈ سیٹ کا مشاہدہ کیا جسے استعمال کرنے کے لئے طاقتور کمپیوٹر کے ساتھ منسلک کرنے کی ضرورت نہیں۔ اوکولس آج کل وائرلیس ہیڈ سیٹ کی تیاری کے لئے تجربات میں مصروف ہے تاکہ ورچوئل رئیالٹی ہیڈ سیٹس کو بھرپور عوامی پزیرائی حاصل ہو سکے۔ سال 2014 ءمیں فیس بک کے بانی مارک زیگر برگ نے اوکولس کمپنی کو خریدا تھا اور اب گزشتہ ہفتے انہوں نے سان جوز کیلیفورنیا میں منعقد ہونے والی اوکولس کونیکٹ ڈویلپرز کانفرنس میں ’’سانتا کروز‘‘ کے پروٹو ٹائپ کی رونمائی کی۔ سانتا کروز کے ڈیزائن میں سب سے اہم فیچر اس میں موجود چار کیمروں کا استعمال ہے۔ ان کیمروں کی مدد سے آپ چاروں جانب دنیا کو دیکھ سکتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ اس میں حرکات کا جائزہ لینے کے لئے موشن سینسر بھی نصب ہے۔ اس حوالے جب میں نے سانتا کالاز کا مختصر سا عملی مظاہرہ کیا تو اس کے ذریعے میں خوبصورت رنگوں سے مزین ورچوئل ورلڈ سے لطف اندوز ہوا اور میرے ہیڈ سیٹ نے فوراً ہی یہ نشاندہی بھی کی کہ اب میں دیوار کے بالکل قریب آ گیا ہوں لہذا مجھے پیچھے ہٹ جانا چاہیے تاکہ اس سے ٹکرا نہ جائوں۔ رفٹ ہیڈ سیٹ آپکی پوزیشن کو بھی مانیٹر کر سکتا ہے تاہم یہ کھلاڑی کو زیادہ آزادی دینا برداشت نہیں کر سکتا۔ اس لئے نہ صرف آپ پی سی کورڈ سے منسلک ہوتے ہیں بلکہ رفٹ کے لئے ضروری ہے کہ ایک خصوصی سینسر آپکے سامنے کسی شیلف یا میز پر موجود ہو۔ ایچ ٹی سی کی جانب سے متعارف کرائے جانیوالا VIVE ہیڈ سیٹ بھی اس سے ملتے جلتے ڈیزائن کا حامل ہے، جبکہ سام سنگ کا وی آر گئیر اور گوگل کی جانب سے جلد ہی متعارف کرایا جانیوالا ڈے ڈریم ہیڈ سیٹ آپکے سر کی پوزیشن معلوم نہیں کر سکتا۔ سانتا کلاز رفٹ کا تبدیل شدہ ورژن ہے اور اسکے بیک سٹریپ میں اضافی الیکٹرانکس مٹیریل شامل کیا گیا ہے اس حوالے اوکولس کی جانب سے زیادہ تفصیل فراہم نہیں کی گئی تاہم اس کے ایک ٹیم ممبر کا کہنا ہے کہ اس سٹریپ میں سمارٹ فون میں استعمال ہونے والے چھوٹے اجزاء شامل کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے منعقد ہونے والی تقریب میں فیس بک کے بانی مارک زیگر برگ نے ایک مرتبہ پھر اپنی پیشن گوئی کو دہرایا کہ ورچوئل رئیالٹی سمارٹ فون کے ساتھ بہت جلد ایک حقیقت بن جائیگی اور وہ دن دور نہیں جب کرہ ارض پر ایک ارب انسان سمارٹ فون کے ساتھ ورچوئل رئیالٹی ہیڈ سیٹ استعمال کرتے دکھائی دینگے۔ اوکولس فار موبائل کے نائب صدر میکن کوہن نے ایم آئی ٹی کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ سانتا کلاز اس منزل تک ضرور پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خیال ہے کہ کمپیوٹر کے لیے نیٹ ورک یا کسی سسٹم سے الگ آزادانہ طور پر کام کرنا ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ایک ارب استعمال کنندگان کی آخری حد تک پہنچا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس وقت مارک زیگر برگ نے اس پروٹو ٹائپ کی رونمائی کی تھی تو انہوں نے کہا تھا کہ یہ جلد منظر عام پر نہیں آئیگا اور میں بھی آپکی امیدیں بڑھانا نہیں چاہتا ہم نے عملی مظاہرہ دکھایا ہے تاہم ابھی تک حتمی پراڈکٹ تیار نہیں ہوئی۔

تحریر: ٹام سیمونائیٹ (Tom Simonite)

Read in English

Authors
Top