Global Editions

ایمزان کے بانی ماحولیاتی تبدیلی کے لیے دس ارب ڈالر کس طرح خرچ کرسکتے ہيں؟

ایمزان کے بانی جیف بیزوس (Jeff Bezos) نے ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لیے دس ارب ڈالر وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کوشش کو بیزوس ارتھ فنڈ (Bezos Earth Fund) کا نام دیا گیا ہے اور اس کا شمار ماحولیاتی چیلنج کے سب سے بڑے انفرادی عطیوں میں ہوتا ہے۔

تفصیلات: بیزوس دنیا کے امیرترین شخص ہیں اور انہوں نے انسٹاگرام کی ایک پوسٹ میں بیزوس ارتھ فنڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”اس عالمی کوشش کے ذریعے سائنسدانوں، کارکنوں، اور غیرمنافع بخش اداروں سمیت قدرتی دنیا محفوظ رکھنے کا امکان پیش کرنے والے تمام افراد یا تنظیموں کو رقم فراہم کی جائے گی۔“

ایکسیوس (Axios) کی ایک رپورٹ کے مطابق جیف بیزوس یہ رقم ماحولیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے والی سٹارٹ اپس اور دیگر کمپنیوں کے بجائے ریسرچرز اور حمایتی گروپس کو عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہيں۔ وہ یہ رقم ایمزان سے نہیں بلکہ اپنی جیب سے ادا کریں گے (اس سے ان کی 130 ارب ڈالر کی مالیت پر کچھ خاص فرق نہيں پڑے گا)۔

انہيں یہ رقم کس طرح خرچ کرنی چاہیے؟ یہ رقم کس حد تک فائدہ مند ثابت ہوگی؟ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ وہ اسے کس طرح استعمال کرتے ہيں؟ بیزوس نے کہا ہے کہ وہ اسی سال عطیے جاری کرنا شروع کریں گے، لیکن انہوں نے ان شعبہ جات کے متعلق تفصیلات نہيں فراہم کیں جن پر وہ توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہيں۔

بیزوس نے ہم سے رائے تو نہيں مانگی، لیکن ہمارے خیال میں انہيں دو اہم شعبہ جات سے سب سے زيادہ فائدہ ہوگا۔ سب سے پہلے تو ہم انہيں شمسی اور ہوائی توانائی اور برقی گاڑیوں سمیت موجودہ ٹیکنالوجیز کو زيادہ جلدی عام کرنے والے کاربن ٹیکس، سبسڈیز یا اخراجات کے مینڈیٹس سے وابستہ پالیسیوں کا مطالبہ کرنے والے گروپس اور سیاست دانوں کو اس رقم کا کچھ حصہ فراہم کرنے کا مشورہ دیں گے۔ ہماری دوسری تجویز یہ ہوگی کہ وہ ان شعبہ جات کے لیے ابتدائی تعلیمی یا قومی سطح پر ریسرچ اور ڈيولپمنٹ کے لیے رقم وقف کریں جن میں اب تک ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ بننے والے گرین ہاؤس گیس کے اخراجات ختم کرنے کے کم قیمت طریقے ایجاد نہيں ہوسکے ہیں۔

اس میں کیا کیا شامل ہوسکتا ہے؟ اس میں مندرجہ ذيل شامل ہوسکتے ہیں: ہوا، شمسی اور دیگر اقسام کی صاف توانائی کے ذرائع  میں کمی بیشیوں کو متوازن رکھنے کے لیے وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والی توانائی ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجیز؛ فرٹلائزرز، مویشیوں اور زرعی نظاموں کے دیگر حصوں سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کام کرنے کے طریقے؛ اور پاور پلانٹس اور فیکٹریوں کے اخراجات کیپچر کرنے یا انہيں کرہ ہوا سے مستقل طور پر ہٹا کر ذخیرہ کرنے کے لیے بہتر ٹولز۔

ماحول پر بڑھتا ہوا بوجھ: بيزوس ماحولیاتی مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس (جو دنیا کے دوسرے امیرترین شخص ہیں) سے مختلف سوچ کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ 2016ء میں بل گیٹس نے دوسرے سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر ایک ارب ڈالر کا ماحولیاتی فنڈ قائم کیا ہے جس کے ذریعے صاف توانائی کی مشکل ترین تکنیکی مسائل حل کرنے والی سٹارٹ اپس کو معاونت فراہم کی جائے گی۔

بیزوس ارتھ فنڈ کو ایک ایسے وقت میں متعارف کیا گيا ہے جب بڑے کاروبار اپنے سرمایہ کاروں، سیاست دانوں، اور عوام کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث اخراجات کم کرنے کے منصوبہ جات کا اعلان کررہے ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے حوالے سے اقدام نہ کرنے کے باعث ایمزان کے ملازمین اور کارکنان کافی عرصے سے انہيں تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔

تحریر: جیمز ٹیمپل (James Temple)

تصویر: Unsplash پر ناسا

Read in English

Authors

*

Top