Global Editions

تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے والی کمپنی نے منصوبہ کےلئے سرمایہ کاری حاصل کر لی

تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والی ایک نئی کمپنی نے ای کامرس ریٹیلرز کے لئے خدمات فراہم کرنے والے ادارے شاپستان Shopistan سے اپنے منصوبے کے لئے تکنیکی اور مالی سرمایہ کاری حاصل کر لی ہے۔

Nearpeer نامی سٹارٹ اپ کو IIm Ideas 2 پراجیکٹ کے تحت انکیوبیٹ کیا گیا۔ یہ آن لائن ادارہ تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والی دو نجی یونیورسٹیز کو خدمات فراہم کر رہی ہے اس کے ساتھ ساتھ چارٹرڈ اکائونٹینسی سرٹیفیکٹس کے لئے تعلیمی خدمات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

کمپنی کے شریک بانی عمار علی ایوب اور شاہ رخ سواتی کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کے اس معاہدے کی مدد سے انہیں اپنے آپریشنز میں وسعت دینے اور دیگر پرائیویٹ یونیورسٹیز میں پڑھائے جانیوالے کورسز کا احاطہ کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انٹرمیڈیڈیٹ او اور اے لیول کے امتحانات کی تیاری، میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز میں داخلے کے لئے ہونے والے انٹری ٹیسٹوں کے لئے بھی مددگار ثابت ہونگے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم شاپستان کے ساتھ تعاون کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھی کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے تعلیمی شعبے کے لئے کارہائے نمایاں سرانجام دئیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے طالبعلموں کی عادات اور تعلیمی رحجانات کو سمجھنے میں مدد ملے گی اور اس کے جائزے سے طالبعلموں کی تعلیمی استعدادکار بڑھائی جا سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس ضمن میں حاصل ہونے والی معلومات کو تعلیمی اداروں کے ساتھ شئیر بھی کرینگے۔ اس طرح تعلیمی اداروں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

سٹارٹ اپ بہت جلد ہی یونیورسٹی لیول کے تمام کورسز اپنے پورٹل کے ذریعے مفت متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ Nearpeer کے شریک بانیان کا کہنا تھا کہ چارٹرڈ اکائونٹینسی کی تعلیم دینے والا ادارہ SKANS ان کا پہلا کلائنٹ تھا۔ اس ضمن میں آزمائشی طور پر ایک کریش کورس کا آغاز کیا گیا جس کے ذریعے دو سو صارفین کو شامل کیا گیا جن میں سے کئی اومان، متحدہ عرب امارات، قطر اور افغانستان سے تعلق رکھتے تھے۔

نومبر 2015 میں کام شروع کرنے کے بعد سٹارٹ اپ کے صارفین کی تعداد تین ہزار تھی جن میں سے بارہ سو صارفین فیس ادا کر رہے تھے اس وقت صارفین کی تعداد چھ ہزار دو سو سے تجاوز کر چکی ہے جس میں سے اڑھائی ہزار افراد خدمات کے حصول کے لئے فیس ادا کر رہے ہیں۔

سٹارٹ اپ اس وقت 55 کورسز آفر کر رہی ہے جو یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، لاہور سکول آف اکنامکس میں پڑھائے جا رہے ہیں اس کےساتھ ساتھ یہ ارادہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیگر یونیورسٹیز جن میں غلام اسحاق خان یونیورسٹی، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، نیشنل یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجیز (FAST) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی شامل ہے کے لئے مزید ایک سو کورسز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

کمپنی کے بانیوں کا کہنا تھا کہ جب ہم لمز میں زیر تعلیم تھے تو ہمیں اس امر کا اندازہ تھا کہ بہت سے طالب علم کلاس میں دئیے جانیوالے لیکچرز سے مطمئن نہیں ہوتے تھے اور انہیں اپنی کورسز کو بہتر انداز میں سمجھنے اور امتحانات کی تیاری کے لئے مزید وسائل استعمال کرنا پڑتے تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ بہت سا تعلیمی مواد انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہے تاہم یہ مختلف جگہوں پر بکھرا ہوا ہے اور اسے جمع کرنے کے لئے بہت سا وقت درکار ہے۔ Nearpeer نے اس ضمن میں جو حل تجویز کیا ہے وہ بھی ویب بیسڈ ہے اور اس میں ایسے سئینر ساتھیوں کی مدد لی گئی ہے جنہوں وہ مضامین نہایت ہی اچھے گریڈز میں پاس کئے تھے۔

اس سرمایہ کاری کے حوالے شاپستان کے چیف ایگزیکٹو علی عزیز کا کہنا تھا کہ یہ کسی بھی سٹارٹ اپ میں ہماری پہلی سرمایہ کاری ہے اور ہماری خواہش ہے کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات میں بہتری کے لئے ہم بھی کردار سکیں۔

اس کے ساتھ ساتھ Nearpeer کو آسٹن ٹیکساس میں ایک تربیتی پروگرام کے لئے شارٹ لسٹ بھی کر لیا گیا ہے۔

تحریرـ ٹی آر پاکستان (TR Pakistan)

Read in English

Authors

*

Top