Global Editions

پالتو جانوروں کی اب آن لائن خریداری بھی ممکن۔۔۔۔

جانوروں کو سدھانا اور پالنا ہمیشہ سے ہی انسانوں کا مشغلہ رہا ہے اور جانور بھی اپنی وفاداری میں نمایاں رہے ہیں۔ آج بھی گائے بھینسیں، کتے، بلیاں، مچھلیاں اور گھوڑے پالنے کے شوقین افراد کی کمی نہیں ہے۔ تاہم اب پالتو جانوروں کی خریداری اتنی آسان نہیں رہی کیونکہ وقت کی کمی اور مصروفیات لوگوں کے آڑے آتی رہتی ہیں۔ تاہم اب اس مسئلے کا بھی حل تلاش کر لیا گیا ہے اور ایک ویب پورٹل لانچ کیا گیا ہے جو پالتو جانوروں کے شوقین افراد کی تلاش میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

پالتو پی کے پاکستان کا پہلا پورٹل ہے جہاں آپ پالتو جانوروں کی خرید وفروخت کے لئے مفت اشتہار جاری کر سکتے ہیں۔ یہ ویب پورٹل خریداروں
اور فروخت کنندگان کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا ہے اور خریدار اپنی مرضی کے رنگ و نسل کے جانور اور پرندے خرید سکتے ہیں۔

پالتو پی کے کے بانی عمیر بیگ کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان میں ایسے کئی افراد موجود ہیں جو اچھی نسل کا جانور بہت ہی مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ افراد خریداروں کے ساتھ دھوکہ دہی کے مرتکب ہو رہے ہیں کیونکہ ان افراد کے پاس جانوروں کی اعلی نسل کے حوالے سے کوئی ایسا ریکارڈ موجود نہیں جو ان کے دعوئوں کو درست ثابت کر سکے۔

عمیر بیگ کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت کئی یورپی تنظمیں موجود ہیں جن کے پاس جانوروں کا مکمل کیڈلاک موجود ہے تاہم پاکستان میں اعلی نسل کے جانوروں کے حوالے سے ایسی کوئی کیڈلاک نہ تو تیار کی گئی ہے اور نہ ہی دستیاب ہے اور ہماری پہلی کوشش تو یہ ہے ایسی تفصیلات کو ڈیجیٹلائز کیا جائے اور پالتو پی کے پاکستان کا ایسا پہلا ویب پورٹل ہو گا جس میں یہ کیڈلاک بھی دستیاب ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پالتو جانوروں کی تفصیلات اکٹھی کر رہے ہیں تاکہ صارفین اس طرح کی دھوکہ دہی سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل طور فنکشنل ہو جائیگا۔

اس کے ساتھ پالتو پی کے پاکستانی صارفین کے لئے جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے بھی مددگار ثابت ہو سکے گا تاکہ جانوروں کو پاکستان کے شدید موسمی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے اور ان کی درست انداز میں پرورش ممکن بنائی جا سکے۔ اس کے علاوہ ویب پورٹل پر بلاگ سیکشن بھی موجود ہے جہاں پالتو جانوروں کے مالکان اپنے تجربات سے دوسروں کو بھی مستفید کر سکتے ہیں۔

پالتو پی کے کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے پلان نائن میں تربیت اور فنی معاونت پیش کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پلان نائن کے نویں سائیکل میں اس وقت جن سٹارٹ اپس کو تربیت دی جا رہی ہے ان میں ہم بائیک، پراجیکٹ ففٹی کڈز، نیوراسٹک، قیام، پاکستانی سوغات، جرنل پوسٹ اور ایڈ سپیس شامل ہیں۔

تحریر: ٹیکنالوجی ریویو پاکستان (TR Pakistan)

Read in English

Authors
Top