Global Editions

آئی فون میں لیزر سنسر کی تنصیب باعث حیرت نہیں ہوگی

اس فیچر کا ایپل کے آگمینٹیڈ رئیلٹی کے ایپلی کیشنز بنانے میں بہت بڑا ہاتھ ہوسکتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق، مستقبل میں لانچ ہونے والے آئی فون میں گہرائی کی سنسنگ کے لیے لیزر سسٹم نصب ہوسکتا ہے.

فاسٹ کمپنی (Fast Company) کا کہنا ہے کہ ایپل کے آنے والے پراڈکٹس سے واقفیت رکھنے والے ذرائع کے مطابق ایپل ایک تھری ڈی کے لیزر پر کام کررہے ہیں، جسے نئے آئی فونز کی پشت پر نصب کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ میک رومرز (MacRumors) کے مطابق آنے والے ڈیوائسز کا بھی تھری ڈی سینسنگ کی صلاحیتوں سے آراستہ ہونے کا امکان ہے۔

"لیزر سنسر" کا نام سن کر خودکار گاڑیوں میں استعمال ہونے والے لیڈار یونٹس کا خیال آتا ہے، جو سطح زمین کی ہائی ریزولوشن تصاویر بنا کر پیش کرتے ہیں۔ ایپل کے سنسرز کا اس حد تک پیچیدہ ہونا ضروری نہیں ہے۔ پچھلے سال ایم آئی ٹی کے ریسرچرز نے ثابت کیا تھا کہ محض 10 ڈالر میں ایک عام سمارٹ فون کو رینج فائنڈنگ کی صلاحیت سے آراستہ کیا جاسکتا ہے۔

فاسٹ کمپنی کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گہرائی کے سنسر کے پرزوں کے اخراجات 2 ڈالر فی فون سے زیادہ نہیں ہوں گے۔ وہ خودکار گاڑی کی طرح سطح زمین کا نقشہ تو پیش نہیں کرسکیں گے، لیکن ان کے ذریعے فاصلوں کی پیمائش ممکن ہوگی، جس کی درستی آئی فون 7 پلس کے سٹیریو کیمرہ سے زیادہ ہوگی، اور جو کم روشنی میں بھی کام کرسکے گا۔ اب تک کوئی بھی انفرادی کیمرہ رکھنے والا آئی فون یہ کام نہیں کرپایا ہے۔

توقع کی جاتی ہے کہ یہ سہولت آنے والے آئی فونز میں نظر آئی گی۔ جون میں منعقد ہونے والی ڈیولپر کانفرنس کے دوران ایپل نے اپنے ڈیوائسز میں اے آر کا سافٹ ویئر نصب کرنے کے لیے نئے ٹولز لانچ کیے تھے۔ اس سافٹ ویئر کو دیکھ کر یہ لگ رہا ہے کہ انفرادی کیمرہ کے ساتھ بھی زبردست قسم کے ایپس دیکھنے کو ملیں گے۔ تاہم لیزر سنسر کے ذریعے رینجنگ کی معلومات کی درستی میں اضافہ ممکن ہے، جو زیادہ حقیقت پسند اے آر کی وجہ بنے گا۔ اس سے مزيد ایپلی کیشنز، جیسے کہ جگہوں کی تھری ڈی میپنگ یا زيادہ ذہین کیمرہ کی فوکسنگ، سامنے آئیں گی۔

اگلے آئی فون میں لیزر سنسر نصب ہوگا یا نہیں ؟ اس کے بارے میں تو اس وقت یقین سے نہیں کہا جاسکتا ہے۔ لیکن یہ بات تو طے ہے کہ اگر ایسا ہوا تو اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں ہوگی۔

تحریر: جیمز کونڈلیف (Jamie Condliffe)

Read in English

Authors
Top