Global Editions

بغیر ڈرائیور کی گاڑی کی تیاری مشکل کام ہے، چئیر مین فورڈ کمپنی

لاس ویگاس میں ہونے والی سی ای ایس (CES) کانفرنس میں اگرچہ معروف کار ساز ادارے فورڈ نے گوگل کے اشتراک سے بغیر ڈرائیور کے گاڑی بنانے کا اعلان تو نہیں کیا تاہم ادارے کے چیف ایگزیکٹو مارک فیلڈز (Mark Fields) نے بغیر ڈرائیور کے گاڑیاں بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہم بغیر ڈرائیور کے چلنے والی تجرباتی گاڑی ضرور بنایئںگے اور کمپنی رواں سال کے آخر تک ایسی دس سے تیس گاڑیاں بنانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ تجربات کے بعد اس حوالے سے مزید معلومات حاصل ہو سکیں اور ان تجربات کی روشنی میں تیار ہونے والی گاڑیوں کو مارکیٹ میں فروخت کے لئے پیش کیا جا سکے۔ ایم آئی ٹی ٹیکنالوجی ریویو کے ساتھ خصوصی گفتگو میں فورڈ کمپنی کے چئیر مین مارک فیلڈز کا کہنا تھا کہ ہم ایسی گاڑی تیار کرنا چاہتے ہیں جو حقیقی مسائل نہ صرف آگاہ ہو سکے بلکہ ان سے نبردآزما بھی ہو سکے۔ گوگل کے ساتھ خودکار گاڑیوں کی تیاری سے جاری بات چیت کے حوالے سے سوال کے واضح جواب سے گریز کرتے ہوئے فورڈ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ کاروباری بات چیت کو افشا کرنا ضروری نہیں تاہم فورڈ کی کئی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت چلتی رہتی ہے۔ خودکار گاڑیوں کی تیاری کے حوالے سے فورڈ کمپنی کی جانب سے گرمجوشی کا مظاہرہ نہ ہونے کے بارے میں سوال کے جواب میں مارک فیلڈز کا کہنا تھا کہ یہ تاثر درست نہیں ہم خودکار گاڑیوں کی تیاری کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہیں تاہم ہم یہ چاہتے ہیں کہ جب ہم اس معاملے پر اپناموقف پیش کریں تو اس حوالے سے تمام تر معلومات ہمارے پاس ہونی چاہییں اور اس کانفرنس میں شرکت سے سب کو یہ واضح پیغام مل گیا ہے کہ ہم آٹو کمپنی سے آٹو اینڈ موبلیٹی کمپنی کی طرف بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اسے ہم فورڈ سمارٹ موبلیٹی کے نام سے موسوم کرتے ہیں۔ آج ہم نے یہاں خودکار گاڑیوں کا سب سے بڑا تجرباتی فلیٹ بنانے کا اعلان کیا ہے۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ پہلے بنائی گئی خودکار گاڑی سے آپ نے سب سے بڑا سبق کیا سیکھا اور اب آپ کس طرح نئی خودکار گاڑی میں اس کو شامل کریں گے اس کے جواب میں مارک فیلڈز کا کہنا تھا کہ اس کے کئی پہلو ہیں جب آپ سمجھتے ہیں کہ آپ نے تمام پہلوئوں کا احاطہ کر لیا ہے تب آپ کو خیال آتا ہے کہ اس کے کئی پہلو اور بھی ہیں اور ان کا احاطہ بھی ضروری ہے۔ مثال کے طور پر جب آپ خودکار گاڑی کے لئے کیمرہ، سینسرز اور دیگر امور سے مطمئن ہو جاتے ہیں تب انتہائی سرد ماحول یا شدید بارش، سیلاب وغیرہ میں ان کے موثر اور قابل اعتماد انداز میں استعمال کے بارے سوالات پیدا ہو جاتے ہیں اور پھر آپ ان سوالات کے جوابات تلاش کرنا شروع کر دیتے ہیں کیونکہ یہ تو نہیں ہو سکتا کہ آپ ایسے ماحولیاتی اثرات کے دوران گاڑی چلانے کی ممانعت کر دیں۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں ان مشکلات پر قابو پا لیا جائیگا۔

تحریر: ریچل میٹز (Rachel Metz)

Read in English

Authors

*

Top