Global Editions

ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کینسر کی تشخیص

انسانی ڈی این اے کا جائزہ لینے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی نے کینسر جیسے جان لیوا مرض کی تشخیص کے لئے ایک نئی کمپنی بنانے کا اعلان کیا ہے جو ڈی این اے کے جائزے سے کینسر کے مرض کی اس مرحلے پر بھی تشخیص کر سکے گی جہاں اس مرض کی علامات ظاہر بھی ہونا نہیں شروع ہوتیں۔ سان ڈیاگو میں قائم ہونے والی کمپنی ڈی این اے کے جائزے کے لئے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ایلومینا ILLUMINA کے تحت قائم ہو گی اور اس کے تحت کینسر کی تشخیص کے لئے ہونے والے ٹیسٹ 2019ء میں لئے جائیں گے۔ ان ٹیسٹ کی قیمت ایک ہزار ڈالرز ہو گی۔ ڈی این اے کے جائزے سے ہونے والی یہ تشخیص کئی طرح کے کینسرز کا سراغ لگا سکے گی۔ واضح رہے کہ کینسر کے علاج کے لئے استعمال ہونے والی ادویات پر ہسپتال اور ڈاکٹرز سالانہ 90 بلین ڈالرز خرچ کرتے ہیں۔ ایلومینا کے چیف ایگزیکٹو جے فلیٹلے (Jay Flatley) نے امید ظاہر کی ہے کہ کینسر کی تشخیص کے مجوزہ ٹیسٹ اس مرض کے خلاف جنگ میں اہم موڑ ثابت ہونگے۔ اس نئی کمپنی کا نام گریل (Grail) تجویز کیا گیا ہے اور اس کے لئے ایلومینا 100 ملین ڈالرز مختص کرے گی جبکہ اس کی مالی معاونت بل گیٹس، جیف بیزوز (Jeff Bezos) وینچر فنڈ، آرچ وینچرز پارٹنرز کرینگے تاہم اس کا کنٹرول ایلومینا کے پاس ہی ہو گا۔ ان نئی تشخیصی ٹیسٹوں کے لئے لیکویڈ بائیوپسی کا طریقہ کار استعمال کیا جائیگا جس کے تحت ڈی این اے کے جائزے کے لئے ہائی سپیڈ سیکوئینس مشین استعمال کی جائیگی جو متاثرہ شخص کے خون کے نمونے سے حاصل ہونے والے ڈی این اے کا جائزہ لے کر اس سے متصل کینسر کی علامات کا سراغ لگائے گی تاکہ اس امر کا جائزہ لیا جا سکے کہ خون میں کسی ٹیومر (خواہ اس سائز کتنا ہی کم کیوں نہ ہو) کی موجودگی کے اثرات موجود ہیں یا نہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ کینسر کے ابتدائی مرحلے پر تشخیص کے باعث اس مرض میں مبتلا افراد کے علاج معالجے میں ثابت ہو سکتا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ امراض کی تشخیص کے لئے قائم ہونے والے ادارے جلد ملٹی بلین صنعت کی شکل اختیار کر لیں گے اور یہ شعبہ مستقبل میں سرمایہ کاروں کے لئے بھی خاصا پرکشش رہے گا۔ امریکی سوسائیٹی آف کینسر کے ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر جے لیونارڈ لیچین فیلڈ (J. Leonard Lichtenfield) کا کہنا ہے کہ سب سے اہم یہ ہے کہ کینسر کے مرض کی ابتدائی مرحلے پر ہی تشخیص کر لی جائے۔ میں آپ کو بتا نہیں سکتا کہ کتنی مرتبہ ہمارےمنہ سے یہ الفاظ نکلے ہیں کہ کاش ہمیں پہلے پتا چل جاتا تو ہم اس مرض کا علاج کر سکتے تھے۔ فلیٹلے اس بات کی توثیق کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ کینسر کے مرض کے علاج میں سب سے اہم مرحلہ اس کی تشخیص ہے اور یہ ہمارے لئے بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

Jay-Flatley,-the-CEO-of-Illumina

Illumina,-which-is-based-in-San-Diego

تحریر: انٹونیو ریگالڈو (Antonio Regalado)

Authors
Top