Global Editions

پی آئی ٹی بی نے سرکاری محکموں میں خریداری کا آن لائن نظام متعارف کرا دیا

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے سرکاری محکموں میں خریداری کے لئے نیا آن لائن نظام متعارف کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت پانچ سرکاری محکوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔ اس نظام کو پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے خود تیار کیا ہے اور اس کا مقصد سرکاری محکموں میں خریداری کے نظام کو صاف، شفاف اور موثر بنانا ہے۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چئیرمین ڈاکٹر عمر سیف نے ارفا سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک میں منصوبے کی تفصیلات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت سرکاری محکموں میں ایک لاکھ روپے تک مالیت کی اشیاء کی آن لائن خریداری کی جا سکے گی۔ اس نظام سے پہلے تمام تر سرکاری محکموں میں خریداری روایتی اندازمیں ہو رہی تھی اور اس میں کئی طرح کی قباحتیں درپیش تھیں جن کی وجہ سے خریداری تاخیر کا شکار رہتی تھی لیکن اب نئے آن لائن سسٹم کے باؑعث فروخت کنندگان آن لائن اپنے اپنے ادارے کی جانب سے اشیاء کی خریداری کے لئے ایک آئٹم کے لئے ایک پیشکش کر سکیں گے۔ فروخت کنندگان کی تصدیق ان کے این ٹی این نمبر سے ممکن ہے اور یہ ایک آسان اور فوری طریقہ کار ہے۔  ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر آن لائن خریداری کا نظام پانچ سرکاری محکوں میں متعارف کروایا جا رہا ہے جن میں پنجاب پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) پنجاب ریسورس مینجمنٹ پروگرام (PRMP) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ، محکمہ قانون اور پی ٹی آئی بی شامل ہیں۔ یہ نظام دیگر محکموں کے لئے بھی زیر استعمال آنے کے لئے دستیاب ہو گا۔ اس نظام کے تحت فروخت کنندگان اشیاء کی تفصیلات کا آن لائن جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پیشکش بھیج کر آن لائن ٹھیکہ حاصل کر سکتے ہیں اس نظام کو اپنانے سے ایک جانب تو متعلقہ دفاتر کے چکر ختم ہونگے تو دوسری جانب سرکاری امور میں خلل نہیں آئیگا۔ اس نظام کو اپنانے سے حکومتی بجٹ میں تقریباً 25 فیصد کمی آئیگی۔ ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق سرکاری اہلکاروں کو اس نظام کو آپریٹ کرنے کے لئے باقاعدہ تربیت بھی فراہم کی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی ٹی بی ورلڈ بنک اور پیپرا کی مدد سے اس نظام کو وسعت دینے پر کام کر رہی ہے اور جیسے ہی محکموں کے زیر استعمال اشیاء اور خدمات کی تفصیلات مکمل ہو جائینگی اس نظام کو تمام سرکاری محکموں کے زیر استعمال لایا جائیگا۔

Authors

*

Top