Global Editions

لاہور میں آئی ٹی کے شعبے میں تیز رفتار ترقی، 29 نئی کمپنیوں 3.5 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری

دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آئی ٹی ٹیکنالوجی کی بدولت بیشمار خدمات آن لائن دستیاب ہو گئی ہیں۔ اس میدان میں کئی ادارے بھی سرکاری اور نجی شعبے میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور نوجوانوں کی رہنمائی کے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ لاہور میں آئی ٹی کے شعبے میں ہونے والی اس تیز ترقی کی وجہ یہاں موجود پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ‘کے ’پلان ایکس‘ ’پلان نائن‘ اور لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز کے’سینٹر آف انٹرپرنئیرشپ‘ جیسے ’ٹیک انکوبیٹر‘ یا ٹیکنالوجی کو فروغ دینے والے ادارے ہیں۔ ان ’انکوبیٹرز‘ میں ٹیکنالوجی سے متعلق کاروباری آئیڈیاز رکھنے والے نوجوانوں کی نہ صرف حوصلہ افزائی کی جا تی ہے بلکہ انھیں تکنیکی اور مالی مدد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اب شادی کے انتظامات ہوں، سبزی کی خرید و فروخت یا پھر روزمرہ کا کوئی اور کام لاہور میں اب سٹارٹ اپ کمپنیوں کے ذریعے آن لائن کرنے کا رجحان فروغ پا رہا ہے۔ سٹارٹ اپس کا فائدہ صرف کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو نہیں بلکہ اس کے ذریعے فراہم کی جانے والی سروسز نے عام لوگوں کی زندگی کو بھی کافی آسان بنا دیا ہے۔ اب لاہور میں اگر گاڑی کا تیل بدلوانا ہو۔ بیڑی تبدیل کروانی ہو یا گاڑی کی کوئی اور خرابی دور کروانا ہو تو میکنک کی دکانوں کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں۔ بلکہ ٹیکنالوجی کی بدولت اب یہ سروس آپ کے دروازے پر دستیاب ہو سکتی ہے۔ یہ سروس ’آٹو جینی‘ نامی کمپنی کی جانب سے شروع کی گئی۔ آٹو جینی لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز کے سابق طلبہ کی ایک کمپنی ہے۔ جو ویب سائٹ اور اپنے فیس بک پیج پر آرڈر لے کر گھروں اور دفاتر میں گاڑیوں کی مرمت کا کام کرتی ہے۔ کمپنی کے سی ای او حسن سمیع کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی کا کاروبار تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ پاکستان میں تھری جی اور فور جی کی آمد کے بعد یہ دنیا بھر میں آئی ٹی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ کے طور پر ابھرا ہے۔ گذشتہ برس ملک میں ٹیکنالوجی کی بنیاد پر کام کرنے والی 29 نئی کمپنیوں یا سٹارٹ اپس میں تین کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی ان میں سے 24 کمپنیاں لاہور کی ہیں۔پاکستان میں نوکریوں کے حصول کا سب سے بڑا ویب پورٹل روزی ڈاٹ پی کے گاڑیوں کی خرید و فروخت کی سب سے بڑی ویب سائٹ پاک ویلز اور جائیداد کی آن لائن خرید و فروخت کا سب سے بڑا ویب پورٹل زمین ڈاٹ کام بھی لاہور سے ہی چلائے جارہے ہیں۔ زمین ڈاٹ کام میں گذشتہ نوے لاکھ ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی جس کے بعد اس کی مزید توسیع کی جا رہی ہے۔ ذیشان علی خان زمین ڈاٹ کام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔ ذیشان علی کا کہنا ہے کہ ’ویسے کاروباری مواقع کے حساب سے کراچی کو ملک کا سب سے اہم شہر سمجھا جاتا ہے۔ لیکن صورتحال یہ ہے کہ بہت سی بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیاں لاہور میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ اس کی وجہ یہاں سیکورٹی کی بہتر صورتحال ہے۔ جب باہر سے سرمایہ کار آتے ہیں تو وہ ذہن میں ایسا خیال لے کر آتے ہیں کہ ایک پسماندہ جگہ جا رہے ہیں۔ لیکن لاہور میں آئی ٹی کا جو انفراسٹرکچر بنایا گیا ہے وہ اس سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔ اور اس کا موازنہ جنوبی امریکہ اور میکسیکو جیسے ملکوں سے کرتے ہیں۔‘

Authors

*

Top