Global Editions

زلزلوں میں اضافہ کیوں۔۔۔ ایک نئی تحقیق میں چونکا دینے والے انکشافات

گزشتہ دنوں جیسے ہی امریکی محکمہ برائے ارضیات نے سال رواں کے لئے جائزہ رپورٹ پیش کی تو کئی امریکی ریاستوں میں رہنے والے اس رپورٹ کے مندرجات پر حیران رہ گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی ریاستوں اوکلوہاما اور ٹیکساس بھی کیلیفورنیا کی طرح زلزلوں کے خطرات سے دوچار ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ دونوں ریاستیں بھی زلزلوں کے حوالے سے اب خطرات سے باہر نہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان ریاستوں کو زلزلوں سے خطرات کی وجہ قدرتی نہیں بلکہ انسانی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ استعمال شدہ پانی کو زیرزمین پھینکنے اور تیل و گیس کا حصول اس کی وجہ ہے۔ آلودہ پانی کو زیر زمین پھینکنا دو طرح کے خطرات کا باعث ہے ایک تو یہ پانی سیسمک خطرات میں اضافہ کرتا ہے اور خاص طور پر ان علاقوں میں جو فالٹ لائنز پر نہیں اور ان علاقوں میں عموماً زلزلے نہیں آتے لیکن انسانی غلطیوں نے صرف امریکہ میں ستر لاکھ سے زائد افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ امریکی محکمہ ارضیات کی رپورٹ کے مطابق قدرتی وجوہات کی بنا پر آنے والے زلزلے سکیل پر زیادہ شدت نہیں رکھتے لیکن انسانی غلطیوں سے آنے والے زلزلوں کی شدت 5.6 تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ جبکہ دوسری صورتحال میں پانی ازخود اس کی وجہ ہے اور وہ کچھ یوں کہ جب زمین سے تیل یا گیس نکالنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس عمل کے لئے ایک مخصوص تکنیک استعمال کی جاتی ہے جسے ہائیڈرالک فریکچرنگ کہتے ہیں اس عمل کے دوران بڑی مقدار میں پانی اور ایک مخصوص پریشر کے ساتھ زیرزمین چٹانوں کو توڑنے کے لئے پھینکا جاتا ہے اور جیسے ہی پانی کا بہائو واپس الٹی سمت میں ہوتا ہے تو یہ پانی کئی طرح کے کیمائی مرکبات، نمکیات اور دھاتوں کے ذروں سے بھر جاتا ہے اور پھر اس پانی کو واپس زیرزمین دھکیل دیا جاتا ہے جس سے یہ پانی زمین کی تہوں کو متاثر کرتا ہے۔ یہ ایک اہم معاملہ ہے اور اس معاملے کی نزاکت اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا جائزہ لینے کی فوری طور پر ضرورت ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ اس مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے اس معاملے کا ایک سادہ حل تو یہ ہے کہ زیر زمین پھینکے جانے والے آلودہ پانی کو ازسرنو استعمال کے قابل بنایا جائے اور اس ضمن میں کشید ( وہ عمل جس میں تبخیر اور تکثیف دونوں عمل سر انجام پاتے ہیں ۔ مائع کو بخارات میں تبدیل کرکے ان بخارات کی تکثیف سے خالص مائع یا کشیدہ عرق حاصل کیا جاتا ہے ۔ یہ عمل کسی مائع کو بخارات نہ بننے والے مادے سے الگ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے)کی تکنیک استعمال کی جا سکتی ہے۔ یہ عمل آلودہ پانی کو زمین میں پھینکے جانے سے زیادہ مہنگا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اس مسئلے کا سادہ اور آسان حل تلاش کرنا ضروری ہے۔

تحریر: ڈیوڈ ٹالبوٹ (David Talboot)

Read in English

Authors

*

Top