Global Editions

خلیوں میں تبدیلی کے ذریعے عمر میں اضافہ ممکن؟

کیا عمررسیدہ خلیوں کی تبدیلی سے کسی جاندار کی عمر میں اضافہ ممکن ہے؟ اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لئے تحقیق کاروں نے اپنے طرز کی پہلی تحقیق کا آغاز چوہوں پر تجربات کے آغاز سے کیا۔ جس میں تحقیق کاروں نے Senescent نامی خلیوں کو جسم سے نکالا اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ان خلیوں کو نکالنے کے بعد چوہوں کی اوسط عمر میں 25 فیصد کا اضافہ ہوا۔ تحقیق کاروں نے اپنی تحقیق کے نتائج نیچر (Nature) نامی جریدے میں شائع کئے ہیں، جس میں خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ ان کی تحقیق انسانوں میں پائی جانیوالی کئی بیماریوں جن میں امراض قلب، آرتھرائیٹس یعنی جوڑوں کی بیماری اور آنکھوں کی بیماریاں جن میں کالا موتیا اور سبز موتیا شامل ہیں ان کے علاج کے لئے نئی راہوں کا تعین ہو گا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس تحقیق کی مدد سے انسانی عمر کو بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ اس مقالے کے خالق جان وین ڈیوروسن (Jan van Deursen) ہیں جو میناسوٹا کے میو کلینک کے تحقیق کار بھی ہیں۔ یہ ریسرچ ایک بائیو ٹیکنالوجی کمپنی کے تحت ہو رہی ہے اور اس کمپنی کا نام یونیٹی (Unity) ہے۔ ڈاکٹر ڈیوروسن اس کمپنی کے شریک بانی ہیں اور ان کے ساتھ اس تحقیق میں معاونت بک (Buck) انسٹی ٹیوٹ آف اینٹی ایجنگ کے جودھے کومپیسی (Judith Campisi) کر رہے ہیں۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نیتھینل ڈیوڈ (Nathanieal David) کا کہنا تھا کہ ان کی کمپنی نے Senescent خلیوں کو جاندار کےجسم سے ختم کرنے کے لئے چند ادویات تیار کی ہیں اور ان کے تجربات لیبارٹری میں چوہوں پر کئے گئے ہیں اور اب ہماری کوشش ہے کہ بڑھتی عمر سے متعلق بیماری کے علاج کے ادویات تیار کریں جن کی مدد سے نہ صرف بڑھتی عمر کو روکا جا سکے گا بلکہ یہ عمر میں اضافے کا سبب بھی بنیں گی۔ برمنگھم میں یونیورسٹی آف الباما میں بائیولوجی ڈیپارٹمنٹ کے چئیرمین سٹیون این آسٹوڈ (Steven N. Austad) کا کہنا تھا کہ عمر میں اضافے کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے کئی راستے اختیار کئے جا سکتے ہیں جن میں متوازن غذا کا استعمال اور ادویات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جانداروں کے جسم کے خلیے اس وقت عمررسیدہ ہو جاتے ہیں جب ان کی تقسیم رک جاتی ہے۔ اس ضمن میں پہلی تحقیق 2011ء میں سامنے آئی تھی جس میں عمر رسیدہ خلیوں کا عمر کے ساتھ تعلق کو بیان کیا گیا تھا اس حوالے سے ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے انکا سب سے بڑا خواب یہ ہے کہ کوئی ایسی دوا ہو جو صحت کو برقرار رکھے یا صحت مند زندگی کا دورانیہ بڑھا دے۔

تحریر: انٹونیو ریگالڈو (Antonio Regalado)

Read in English

Authors
Top