Global Editions

انسانی دماغ کیسا ہے؟ ۔۔۔۔ نیا نقشہ تیار

انسانی دماغ ایک معمہ ہے جسے آج تک حل نہیں کیا جا سکااور نہ ہی آج تک یہ معمہ نہیں سلجھایا جا سکا کہ انسان اپنے دماغ کا سو فیصد کیوں استعمال نہیں کر سکتا۔ تاہم دماغی امراض کے علاج کے لئے تحقیق کاروں نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے تاہم اس کے لئے بھی ضروری ہے کہ انسانی دماغ کا مکمل نقشہ تیار کیا جا سکے۔ اگرچہ انسانی دماغ کا نقشہ کئی دہائیاں قبل تیار کر لیا گیا تھا تاہم اب واشنگٹن یونیورسٹی میڈیکل سکول کے نیورو سائنٹسٹس نے انسانی دماغ کا نیا نقشہ تیار کر لیا ہے اور اس کےلئے انہوں نے مشینی آموزش کی تکنیک کا سہارا لیا ہے۔ اس نئے نقشے کے ذریعے انسانی دماغ کے نئے حصوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اس مشینی ذہانت کی مدد سے دماغی مرض میں مبتلا کسی بھی شخص کے دماغ کا نقشہ بنایا جا سکے گا اور اس کی مدد سے مرض کا علاج کرنے والے معالجین کو بہت سہولت حاصل ہو گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مرض کی تشخیص میں بھی بہت آسانیاں پیدا ہونگی۔ نئی تکنیک کی مدد سے تیار ہونے والے نقشے کو معروف سائنسی میگزین نیچر میں شائع کیا گیا ہے۔ انسانی دماغ کے اس نئے نقشے کو تیار کرنے والے ڈیوڈ وین ایسان (David Van Essen) کا کہنا تھا کہ یہ ایک بہت بڑا کارنامہ ہے۔ اس حوالے سے تحقیق کار میتھیو گلاسیر (Mathew Glasser) کا کہنا ہے کہ ماضی میں تیار کئے جانیوالے انسانی دماغ کے نقشے میں دماغ کے مختلف حصوں کی نشاندہی اور حدود کا تعین کیا گیا ہے۔ ابھی تک کئی نیورو سائنٹسٹس 1909 ءمیں تیار کئے جانیوالے انسانی دماغ کے نقشے کو موثر اور قابل اعتماد تصور کر رہے ہیں۔ اس نقشے میں انسانی دماغ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا اور ہر حصے میں 52 ریجنز کی نشاندہی کی گئی تھی تاہم اب تیار کئے جانیوالے انسانی دماغ کے نقشے میں ہر حصے کے لئے 180 ریجنز کی نشاندہی کی گئی ہے۔میتھیو گلاسیر (Mathew Glasser) کے مطابق انسانی دماغ کے اس نقشے کی مدد سے دماغی امراض کی زیادہ بہتر انداز میں تشیخص و علاج ممکن ہو سکے گا۔ اس حوالے سے یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے تحقیق کار ڈوان ژو (Duan Xu) اگرچہ اس تحقیق میں شامل نہیں تھے مگر ان کا اس ریسرچ کے بارے میں کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ایسا پراجیکٹ تیار کیا گیا جس کی مدد سے انسانی دماغ کی مزید بہتر انداز میںتحقیق ممکن ہو سکے گی۔

تحریر: ریان کراس (Ryan Cross)

Read in English

Authors

*

Top