اسٹیٹ بینک نے کرنسی نوٹوں کی حفاظتی خصوصیات پر وڈیوز اور اسمارٹ فون ایپلی کیشن متعارف کرادی

بینک دولت پاکستان نے کرنسی نوٹوں کی حفاظتی خصوصیات پر وڈیوز اور اسمارٹ فون ایپلی کیشنز متعارف کرا دیں۔یہ اسٹیٹ بینک کی مہم ’’روپے کو پہچانو ‘‘ کا حصہ ہے۔ وڈیوز اور اسمارٹ فون ایپلی کیشن کا مقصدکرنسی نوٹوں کی حفاظتی خصوصیات سے متعلق عوام کی آگاہی اور سوجھ بوجھ کو بڑھانا ہے تا کہ وہ اصلی اور جعلی نوٹوں میں بآسانی امتیاز کر سکیں۔ اس سلسلے میں پانچ وڈیوز تیار کی گئی ہیں جن میں سے 5000 روپے، 1000 روپے اور 500 روپے کے نوٹوں کے لیے الگ الگ وڈیوز، 10، 20، 50 اور 100 روپے کے متعلق ایک وڈیو شامل ہے۔ اسمارٹ فون کی یہ ایپلی کیشن ایپل اور اینڈرائیڈ دونوں پلیٹ فارمز سے ڈائون لوڈ کی جا سکتی ہے اور اس میںبیانیہ اور تصویری دونوں صورتوں میں کرنسی نوٹوں کی حفاظتی خصوصیات پر معلومات مہیا کی گئی ہیں۔اسمارٹ فون ایپلی کیشن کی مدد سے ملک کے لاکھوں اسمارٹ فون صارفین اس قابل ہوں گے کہ اِن حفاظتی خصوصیات کی مکمل معلومات اپنے موبائل فون پر حاصل کر سکیں۔

گورنر سٹیٹ بنک اشرف محمود وتھرا نے ایپلی کیشن کا افتتاح کرتے ہوئے عوام کو بھی یقین دلایا کہ جعلسازی کی روک تھام کے لیے اور کرنسی نوٹوں کی درستی برقرار رکھنے کی خاطر تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ان وڈیوز اور اسمارٹ فون ایپلی کیشن کا پورا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے کرنسی نوٹوں کی حفاظتی خصوصیات کے بارے میں اپنی معلومات بڑھائیں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جعلی کرنسی کی اطلاع بلاخوف و خطر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فراہم کریں، یہ ہمارا قومی فرض ہے جسے ہمیں مستعدی کے ساتھ پورا کرنا چاہیے۔

Read in English

Authors

*

Top